برقعہ پوش خواتین کی سی سی ٹی وی فوٹیجس کی اجرائی ، میر چوک پولیس کا اقدام
حیدرآباد 31 اکٹوبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ گلزار حوض میں ایک جیویلری شاپ میں توجہ ہٹاکر طلائی زیورات کا سرقہ کرنے والی دھوکہ بازوں کی ایک ٹولی کی تلاش کے لئے میرچوک پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ گلزار حوض میں واقع خواجہ اینڈ سنس جیویلری شاپ میں 5 برقعہ پوش خواتین کی ٹولی داخل ہوئی اور طلائی زیورات خریدنے کے لئے دیکھنے لگے۔ جیویلری شاپ کے مالک کا اعتماد حاصل کرنے کے لئے دھوکہ بازوں کی ٹولی نے ایک نیکلس کو پسند کرنے کے بعد 5 ہزار روپئے پیشگی رقم بھی دی۔ اسی دوران جیویلری شاپ کے مالک نے پڑوسی جیویلری شاپ سے ایئر رنگس بطور نمونہ منگوائے تھے اور مذکورہ دھوکہ بازوں کی ٹولی شاطرانہ انداز میں توجہ ہٹاکر تقریباً 22 تولے طلائی ایئر رنگس اُڑاکر وہاں سے فرار ہوگئے۔ خواجہ اینڈ سنس جیویلری شاپ کے انتظامیہ کو کچھ دیر بعد اِس بات کا علم ہوا کہ خواتین کی ٹولی نے ہی قیمتی ایئر رنگس کا سرقہ کیا ہے۔ پولیس میرچوک نے بتایا کہ مسروقہ طلائی زیورات کی قیمت 8 لاکھ روپئے ہے اور سارقین کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کے علاوہ سی سی ٹی وی کے ذریعہ قید کئے گئے تصاویر بھی جاری کئے تاکہ سارقین کی نشاندہی کی جاسکے۔