نظام آباد :ـ2؍ جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر نظام آباد کے III ٹاؤن پولیس اسٹیشن حدود میں واقع رعیتو بازار کے قریب سری گنیش جیولری شاپ کو لوٹنے کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ اطلاعات کے مطابق رات دیر گئے نقاب پوش تین افراد جیولری شاپ کے پاس پہنچے اور لوہے کی سلاخوں سے شٹر کو توڑ کر اوپر اٹھاتے ہوئے اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔اسی دوران نائٹ پٹرولنگ پر مامور پولیس عملہ کے وہاں پہنچنے کا مشاہدہ کرتے ہی ملزمان یہاں سے فرار ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر اے سی پی راجہ وینکٹ ریڈی اور ٹاؤن سرکل انسپکٹر سرینواس راج جائے وقوع پر پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا۔ پولیس نے شٹر کو پہنچنے والے نقصان کا معائنہ کیا اور اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ بھی کی۔جیولری شاپ کے مالک وینکٹیش کی شکایت پر III ٹاؤن سب انسپکٹر ہری بابو نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس ٹیمیں فرار ہونے والے ملزمان کے سراغ میں مختلف مقامات پر تلاشی مہم چلا رہی ہیں۔ ادھر نظام آباد میں مسلسل چوریوں اور اے ٹی ایم میں وارداتوں کے بڑھتے واقعات پر عوام میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے
