جیو اور ایئرٹیل کے ٹیرف میں 3 جولائی سے اضافہ

,

   

نئی دہلی: نجی شعبے کی دوسری سب سے بڑی ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والی کمپنی بھارتی ایئرٹیل نے موبائل سروسز کے ٹیرف کی شرح بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ ریلائنس جیو کے بعد ایئرٹیل بھی اپنے موبائل ٹیرف میں 10 سے 21 فیصد اضافہ کرے گا۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 3 جولائی سے ہوگا۔بھارتی ایئرٹیل نے جمعہ کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ 3 جولائی 2024 سے موبائل ٹیرف پر نظر ثانی کرے گا۔ کمپنی نے کہا کہ لامحدود ‘وائس پلانز’ کے نرخوں میں تقریباً 11 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ ایئرٹیل کے مطابق اب یہ نرخ 179 روپے سے بڑھا کر 199 روپے ، 455 روپے سے بڑھا کر 509 روپے اور 1799 روپے سے بڑھا کر 1999 روپے کر دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ روزانہ ڈیٹا پلان کی کیٹیگری 479 روپے سے بڑھا کر 579 روپے کر دی گئی ہے جو کہ 20.8 فیصد اضافہ ہے۔قابل ذکر ہے کہ ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں نے 10ویں سپیکٹرم نیلامی کے فوراً بعد اپنی موبائل سروسز کے ٹیرف کی شرح میں اضافہ کا اعلان کیا ہے۔ سنیل متل کی زیرقیادت ٹیلی کام کمپنی بھارتی ایئرٹیل سے ایک دن پہلے، اس کے حریف ریلائنس جیو نے اپنے ٹیرف کی شرحوں میں اضافہ کا اعلان کیا تھا۔