جیو نے سہ ماہی میں 1.75 کروڑصارفین کا اضافہ کیا

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی،یکم مئی(سیاست ڈاٹ کام) عالمی وبا کورونا وائرس کووڈ ۔ 19‘کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے دوران مکیش امبانی کی ٹیلی کام کمپنی ریلائنس جیونے مالی سال کے آخری سہ ماہی میں 1.75 کروڑ نئے صارفین جوڑے ۔ ریلائنس انڈسٹریز نے جمعرات دیرشام آخری سہ ماہی کے نتیجے کا اعلان کیا۔نتیجے میں بتایا کہ جنوری تا مارچ میں جیو کے ساتھ پونے دوکروڑ نئے کسٹمر جڑے اورجملہ صارفین کی تعداد 38.75کروڑ پہنچ گئی۔ ملک کا بڑا اسٹارٹ اپ جیو کا آخری سہ ماہی میں خالص منافع تقریباً تین گنا بڑھ کر پہلے کی اسی مدت کے 840کروڑ روپے سے 2331کروڑ روپے ہوگیا۔ دسمبر 2019 کی سہ ماہی کے مقابلے یہ72.7فیصد زیادہ تھا۔
کمپنی نے کہا ہے کہ فی صارف آمدنی(اے آر پی یو)میں اضافہ مانا جا رہا ہے ۔ٹیرف میں اضافہ سے مارچ سہ ماہی میں جیو کا اے آر پی یو بڑھ کر 130.6روپے ہوگیا،جو گذشتہ سہ ماہی میں 128روپے تھا۔ سہ ماہی میں جیو نیٹورک پر ہرایک صارف نے 11.3جی بی ڈیٹا ہر ماہ استعمال کیا۔وہیں ہر صارف نے مہینے میں 771منٹ بات کی۔کل ڈیٹا کی کھپت مارچ سہ ماہی میں 1284کروڑ جی بی جا پہنچی،جو گذشتہ سال کی اسی سہ ماہی سے 34.3فیصد زیادہ ہے ۔وائس کالنگ کا بھی جیو صارفین نے بھرپور استعمال کیا اور مارچ سہ ماہی میں یہ87634کروڑ منٹ تک جا پہنچی۔ ریلائنس جیو میں حال ہی میں دنیا کی معروف سوشل میڈیا کمپنی فیس بک نے 43574کروڑ میں 9.99فیصد کی حصے داری خریدی تھی۔