حیدرآباد۔/24 اگسٹ، ( پی ٹی آئی) سابق مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی کے انتقال پر تلنگانہ کے گورنر ای ایس ایل نرسمہن، چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی نے تعزیت کا اظہار کیا۔ گورنر نرسمہن نے آنجہانی قائد کے پارلیمانی و قانونی مہارت اور صلاحیتوں کے ساتھ انجام دی جانے والی قومی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے اپنے پیام میں قوم کیلئے جیٹلی کی خدمات کو یاددلایا۔ جی کشن ریڈی نے آنجہانی قائد کو ایک ماہر وکیل، ایک شعلہ بیان مقرر قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے قوم کی تعمیر میں نمایاں خدمات انجام دیئے ہیں۔ ٹی آر ایس کے کارگذار صدر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ جیٹلی ایک انتہائی باصلاحیت اور معلومات کی حامل شخصیت تھے۔ ان کے انتقال کی اطلاع پر کافی صدمہ پہنچا ہے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر کے لکشمن نے کہا کہ جیٹلی کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا شاید ہی پُر ہوگا۔ انہوں نے ملک کیلئے جیٹلی کی قانونی خدمات کو خراج عقیدت ادا کیا۔ تلگودیشم پارٹی کی تلنگانہ یونٹ کے صدر ایل رمنا اور پولیٹ بیورو رکن آر چندر شیکھر ریڈی نے جیٹلی کو ایک ماہر قانو اور باصلاحیت اڈمنسٹریٹر قرار دیا۔