حیدرآباد۔/24 اگسٹ، ( پی ٹی آئی) آندھرا پردیش کے گورنر بسوا بھوشن ہری چندن اور چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے سابق مرکزی وزیر ارون جیٹلی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ گورنر نے اپنے پیام میں کہا کہ ’’ جیٹلی کی موت ملک کیلئے ایک عظیم نقصان ہے۔ وہ ایک درخشاں سیاسی و انتظامی رہنما تھے جنہوں نے مرکز میں کئی اہم قلمدانوں پر فائز رہتے ہوئے نمایاں خدمات انجام دی تھی۔‘‘ گورنر نے جیٹلی کے غمزدہ ارکان خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار بھی کیا۔ چیف منسٹرجگن موہن ریڈی نے اپنے پیام میں کہا کہ جیٹلی ایک انتہائی ماہر باصلاحیت اور اہل علم و اہل دانش لیڈر تھے۔
جیٹلی نے اپنے چار دہائیوں طویل سیاسی کیریئر میں ملک و قوم کیلئے ناقابل فرموش خدمات انجام دی ہیں اور وہ ہمیشہ اعلیٰ اصولوں اور اقدار پر قائم رہے۔ تلگودیشم پارٹی کے صدر این چندرا بابو نائیڈو اور جنا سینا کے صدر پون کلیان نے بھی جیٹلی کو خراج عقیدت ادا کیا۔