جیڈی میٹلہ : فیکٹری میں دھماکہ ۔ 2 مزدور ہلاک

   

حیدرآباد 18 نومبر ( سیاست نیوز) شہر کا نواحی علاقہ جیڈی میٹلہ آج پھر زوردار دھماکہ سے دہل گیا ۔ کمیکل فیاکٹری میں ری ایکٹ کے پھٹنے سے پیش آئے اس واقعہ میں دو مزدور ہلاک اور 4 دیگر شدید زخمی ہوگئے جن کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ دھماکہ اس قدرت شدت کا تھا کہ کمپنی کا شیڈ مکمل تباہ ہوگیا اور دھماکہ کی آواز قریبی بستیوں میں سنی گئی ۔ کثیف دھویں کے بادل اور آگ کے شعلوں سے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور صنعتی علاقہ میں افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا ۔ دھماکہ کی اطلاع پر آتش فرو عملہ کو طلب کرلیا گیا ۔ ساتھی مزدروں نے آگ کی لپیٹ میں موجود اپنے ساتھیوں کو ہاسپٹل منتقل کیا جہاں دو مزدور فوت ہوگئے ، جن کی شناخت انور اور امریش کی حیثیت سے کی گئی جو بہار سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ دیگر 4 زخمیوں کی شناخت کرلی گئی ہے جو کمپنی میں کام کررہے تھے ۔ دھماکہ کام کے دوران پیش آیا ، اس کمپنی میں ری ایکٹ پھٹ پڑا جس پر آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے کمپنی کے شیڈ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ اس علاقہ میں حادثہ کوئی نئی بات نہیں ہے بلکہ آئے دن ایسے واقعات اس علاقہ میں عام بات بنتی جارہی ہے اور ایسے واقعات مزدوروں کے تحفظ پر سوالیہ نشان بنے ہوئے ہیں جبکہ آبادیوں کو بھی اس سے شدید مشکلات کا سامنا ہے اور یہ صنعتی علاقہ آبادیوں کے درمیان گھیرا ہواہے جس سے عام شہریوں کے تحفظ پر بھی سوالیہ نشان اٹھنے لگے ہیں ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔