جیڈی میٹلہ میں اے ٹی ایم کو لوٹ لیا گیا، گیس کٹر کا استعمال

   

حیدرآباد ۔ 9 جولائی (سیاست نیوز) سائبر آباد کے علاقہ جیڈی میٹلہ میں ایک اے ٹی ایم کو لوٹ لیا گیا۔ تعجب کی بات یہ ہے کہ کل مارکھنڈیا نگر میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن منعقد کیا گیا تھا۔ دن میں آپریشن کے بعد رات میں اے ٹی ایم کو لوٹنے کے واقعہ سے شہریوں میں تشویش پیدا ہوگئی اور آپریشن پر سوالیہ نشان لگنے لگے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مارکھنڈیا نگر میں واقع ایچ ڈی ایف سی بینک کے اے ٹی ایم سنٹر کو لوٹ لیا گیا اور ڈاکوؤں نے گیس کٹر کا استعمال کرتے ہوئے اے ٹی ایم کو کاٹ کر رقم لوٹ لی۔ ذرائع کے مطابق تین نامعلوم افراد نے ایک ٹھیلہ بنڈی میں گیس کٹر کو منتقل کیا اور واردات کو انجام دیا۔ اے ٹی ایم سے لوٹی گئی رقم کا بھی اندازہ نہ ہوسکا۔ بتایا جاتا ہے کہ اے ٹی ایم میں الارم موجود تھا جو اتفاقی طور پر سارقوں کے فرار ہونے کے بعد بجا۔ اطلاع کے فوری بعد مقام واردات پہنچی پولیس نے ضابطہ کی کارروائی کو انجام دیا اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ آس پاس کے علاقوں کے کیمروں کی بھی جانچ کی جارہی ہے اور سارقوں کے فرار ہونے کے راستہ کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ پولیس نے نقاب پوش سارقوں کی تلاش شروع کردی ہے۔ پولیس نے کلوز ٹیم کو طلب کرتے ہوئے اے ٹی ایم کی جانچ کو انجام دیا اور خاطیوں کی تلاش کیلئے خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیا گیا ہے۔ ع