جیڈی میٹلہ میں موٹر سائیکل میں دھماکہ سے سنسنی

   

حیدرآباد۔ 2 فروری (سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ چنتل جیڈی میٹلہ میں موٹر سائیکل میں دھماکہ سے سنسنی پیدا ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ الیکٹرک اسکوٹی کی بیٹری سے دھماکہ ہوا تاہم مکان میں افراد کی غیر موجودگی سے جانی نقصان نہیں ہوا تاہم گھریلو سامان تباہ ہوگیا۔ مقامی افراد نے دھماکہ کی آواز سنکر فوری بچاؤ کے اقدامات کئے اور آگ پر قابو پالیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بھگت سنگھ نگر علاقہ میں یہ دھماکہ سائی کمار ریڈی کے مکان میں پیش آیا۔ ریڈی نے مکان کے ایک کمرے میں اسکوٹی رکھا تھا اور دوسرے کمرے میں آرام کررہا تھا۔ رات میں اس نے بیٹری کو چارجنگ کے لئے لگاکر سوگیا۔ صبح تاروں کے جلنے کی بو محسوس کرتے ہوئے اس نے اسکوٹی والے کمرہ کا رخ کیا۔ اس سے قبل کہ وہ سوئچ کو بند کرتا بیٹری دھماکہ سے تباہ ہوگئی اور اس کے سبب آگ لگ گئی اور کمرہ میں موجود سامان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے ریڈی کے مکان پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا۔ پولیس نے کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ ع