جیڈی میٹلہ کی آزاد انڈسٹری میں طیاروں اور راکٹ کے آلات کی تیاری

   

لاک ڈائون رعایتوں کے بعد مضافاتی علاقوں میں صنعتی پیداوار میں اضافہ خوش آئند
حیدرآباد۔ 2جون (سیاست نیوز) کورونا لاک ڈائون میں رعایتوں کے بعد شہر کے مضافاتی علاقوں میں صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوچکا ہے۔ حکومت کی حوصلہ افزائی کے نتیجہ میں کئی صنعتی اداروں نے پیداواری سرگرمیوں کو بحال کیا ہے۔ نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے حکومت کی جانب سے صنعتی اداروں کی حوصلہ افزائی کا ذکر کیا اور کہا کہ مستقبل میں مزید صنعتوں کے قیام کی راہ ہموار کی جائے گی۔ ونود کمار نے ملکاگری پارلیمنٹ حلقہ کے انچارج ایم راج شیکھر ریڈی کے ہمراہ جی ڈی میٹلہ اور بالا نگر انڈسٹریل ایریا میں مختلف صنعتوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے آزاد انڈسٹری کا دورہ کیا اور پروڈکشن کی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ یہ کمپنی رولس رائس، مٹسوبیشی، سیمنس، جی ای، ہانی وال، بی ایچ ای ایل جیسے اداروں کو طیاروں، راکٹس کے آلات کے علاوہ الیکٹری سٹی ٹربائنس اور دیگر بھاری آلات و مشنری سربراہ کرتی ہے۔ کمپنی کے صدرنشین اور منیجنگ ڈائرکٹر راکیش چوبدار نے ونود کمار کو کمپنی کی پروڈکشن کے متعلق تفصیلات سے واقف کرایا۔ میکانکل، ایروناٹکل انجینئرنگ کے طلبہ کے لیے انٹرنشپ کو لازمی قرار دینے کے لیے حکومت کی جانب سے کئے جارہے اقدامات سے ونود کمار نے واقف کرایا۔ ونود کمار نے جے این ٹی یو کے رجسٹرار پروفیسر گووردھن کو مشورہ دیا کہ انجینئرنگ طلبہ کے انٹرنشپ سے متعلقہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے کالجس پر سخت کارروائی کریں۔ اس سلسلہ میں رجسٹرار کی جانب سے تمام کالجس کو مکتوب روانہ کیا جائے گا۔ ونود کمار نے کہا کہ بی ٹیک طلبہ کے لیے انٹرنشپ کو لازمی قرار دیا جائے گا۔ تاکہ طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ ہو۔ انہوں نے جیڈی میٹلہ اور دیگر صنعتی علاقوں میں کووڈ۔19 رعایتوں کے بعد سرگرمیوں میں اضافہ کو خوش آئند قرار دیا۔