جیڈی میٹلہ کے قریب عصری ٹشو کلچر لیباریٹری کا قیام

   

وزیر زراعت نے سنگ بنیاد رکھا، فصلوں اور پودوں کے تحفظ میں اہم پیشرفت
حیدرآباد۔/13 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر زراعت ایس نرنجن ریڈی نے جیڈی میٹلہ میں سنٹر آف ایکسلینس سے متصل ٹشو کلچر لیباریٹری کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر وزیر لیبر ملا ریڈی اور مقامی رکن اسمبلی ویویکانند گوڑ اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ 4.2 کروڑ کے خرچ سے ٹشو کلچر لیاب کے قیام کا فیصلہ کیا گیا تاکہ پودوں کی افزائش کے سلسلہ میں مدد ملے۔ لیباریٹری میں ہریتا ہارم مہم کے تحت شجرکاری اور دیگر پودوں کی حفاظت کے سلسلہ میں ریسرچ کیا جائے گا تاکہ پودے افزائش سے پہلے ناکارہ نہ ہوں۔ نرنجن ریڈی نے بتایا کہ سرکاری شعبہ میں یہ پہلا ادارہ ہے جو ملک میں اپنی نوعیت کا منفرد ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لیباریٹری کے قیام سے کسانوں کو اپنی فصلوں کے تحفظ میں مدد مل سکتی ہے۔ لیباریٹری میں پودوں اور فصلوں کی افزائش کے سلسلہ میں کھاد اور دیگر ضروری اشیاء کے استعمال کی رہنمائی کی جائے گی۔ نرنجن ریڈی نے کہا کہ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ لیباریٹری کی تعمیر کا کام اندرون ایک سال مکمل کرلیا جائے تاکہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ہاتھوں افتتاح انجام دیا جاسکے۔ ریسرچ کے سلسلہ میں عصری انفراسٹرکچر فراہم کیا جائے گا۔ وزیر زراعت نے کہا کہ لیباریٹری کے قیام سے تلنگانہ میں محکمہ زراعت کی مزید ترقی ہوگی۔ مستقبل میں لیباریٹری کے ذریعہ ہریتا ہارم مہم کے پودے فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ دنیا بھر میں ٹشو کلچر کی تحقیق کے ذریعہ پودوں کی بہتر افزائش و تحفظ کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ر