لاس اینجلس،23 فروری ( یواین آئی ) امریکہ سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ گولفر جیکب بریج مین نے دنیائے گولف کے بڑے ناموں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ‘جینیسس انویٹیشنل’ کا تاج اپنے سر سجا لیا ہے ۔ سنسنی خیز مقابلے کے بعد انہوں نے عالمی نمبر دو روری میکلرائے کو محض ایک شاٹ کے فرق سے شکست دے کر اپنا پہلا پی جی اے ٹور خطاب جیتا۔جیکب بریج مین نے مجموعی طور پر 18 انڈر کا شاندار اسکور کیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی انہوں نے ایک پرانا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے ۔جیکب بریج مین 1975 کے بعد اس باوقار ٹورنامنٹ میں اپنے پہلے ہی سال (ڈیبیو) کامیابی حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اس شاندار جیت کے بعد بریج مین پہلی بار دنیا کے ٹاپ 25 کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔شمالی آئرلینڈ کے اسٹار گولفر روری میکلرائے نے آخری روز بھرپور مزاحمت کی تاہم وہ مجموعی طور پر 17 انڈر تک ہی پہنچ سکے۔عالمی نمبر ون اسکاٹی شیفلر اس بار اپنی فارم برقرار نہ رکھ سکے اور 12 ویں پوزیشن پر رہے ۔ اس کے ساتھ ہی ان کی مسلسل 18 ٹورنامنٹس میں ٹاپ 10 میں رہنے کی مہم ختم ہو گئی۔