ممبئی، یکم فروری (یو این آئی) جیکی شروف بالی ووڈ کے اُن اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے اپنی منفرد اسٹائل، طاقتور آواز اور مضبوط اداکاری سے ایک خاص شناخت بنائی۔ بالی ووڈ کے نامور اداکار جیکی شروف آج 69 برس کے ہو گئے ۔ جیکی شروف کی پیدائش یکم فروری 1957 کو ہوئی تھی۔ ان کا اصل نام جئے کشن کاکو بھائی شروف ہے ۔ وہ ممبئی کے والکیشور علاقے میں تین بتی کی ایک چال میں رہا کرتے تھے ۔ فلموں میں آنے سے قبل انہوں نے چند اشتہارات میں ماڈل کے طور پر کام کیا۔ اداکار اور ماڈل بننے سے پہلے جیکی کو ‘جگّو دادا’ کے نام سے جانا جاتا تھا۔ دیو آنند کی فلم ‘سوامی دادا’ (1982) کی شوٹنگ دیکھنے جب جیکی شروف وہاں پہنچے تو وہ بھیڑ میں سب سے الگ نظر آئے ۔ دیو صاحب کی نظر جیکی پر پڑی۔ انہوں نے جیکی کو بلایا اور ایک چھوٹا سا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی۔ جیکی نے رضامندی ظاہر کی اور یوں وہ پہلی بار بڑے پردے پر نظر آئے ۔ اسی دوران سبھاش گھئی کی نظر بھی جیکی شروف پر پڑی، جو ان دنوں ایک نئے ہیرو کی تلاش میں تھے ۔ سبھاش گھئی کو اپنی فلم ‘ہیرو’ کے لیے ایک رَف ٹَف شبیہ والا اداکار درکار تھا اور انہوں نے جیکی شروف کو ہیرو کے طور پر منتخب کر لیا۔ان کی مشہور فلموں میں 100ڈیز، کھلنائک، رام لکھن کے نام قابل ذکر ہیں ۔