جیک کیلس افریقی ٹیم کے بیٹنگ مشیر مقرر

   

جوہانسبرگ۔19 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ٹیم کے سابق آل راونڈر جیک کیلس کو جنوبی افریقہ کے باقی گھریلو سیزن کے لئے جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ مشیر منتخب کیا گیا ہے۔کرکٹ جنوبی افریقہ نے ٹوئٹر پر اس کی تصدیق کی ہے۔کیلس نے پریٹوریا میں شروع ہوئے کیمپ کے ساتھ اپنی ذمہ داری نبھانی شروع کر دی ہے۔ کیلس نے جنوبی افریقہ کی جانب سے 519 بین الاقوامی میچوں میں حصہ لیا ہے اور تمام فارمیٹس میں ان کے نام 25 ہزار سے رنز اور577 وکٹیں درج ہیں۔ وہ اپنی ٹیم کی طرف سے 166 ٹسٹ، 328 ونڈے اور 25 ٹی 20 میچ کھیل چکے ہیں جس میں ان کے نام 62 سنچری درج ہیں۔44 سالہ کیلس نے سال 2014 میں بین الاقوامی کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے سبکدوشی اختیار کی ۔ جنوبی افریقہ کے ٹیم مینجمنٹ میں کیلس ٹیم کے ہیڈ کوچ مارک باوچر کے بعد دوسرے سب سے مقبول چہرے ہیں۔ سابق ٹسٹ وکٹ کیپر باوچر کو گزشتہ ہفتے ہی چار سال کے لئے نیا ہیڈ کوچ بنایا گیا ہے۔43 سال کے انوچ اینکیوکو اگست میں ٹیم ڈائریکٹر اور واٹس گبسن کو اسسٹنٹ کوچ کے عہدے سے رخصت کئے جانے کے بعد ٹیم مینجمنٹ میں نئے چہرے شامل کئے گئے ہیں۔ کیلس اس سے پہلے سال 2015 میں کولکاتا نائٹ رائڈرس کے کوچ کا عہدہ سنبھال چکے ہیں، انہوں نے کوچ ٹریوربیلس کی جگہ یہ عہدہ سنبھالا تھا۔کیلس آئی پی ایل میں سال 2015 میں کے کے آر کے بیٹنگ مشیر بھی رہ چکے ہیں۔