جیہ پردا ، اعظم خان کے خلاف بی جے پی کی متوقع امیدوار

   

حیدرآباد ۔ 25 مارچ ( این ایس ایس ) اداکارہ سے سیاستداں بننے والی جیہ پردا کی بی جے پی میں شمولیت متوقع ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق اترپردیش کے حلقہ رام پورسے جیہ پردا کو سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خان کے خلاف بی جے پی امیدوار مقرر کئے جانے کا امکان ہے ۔ جیہ پردا 2004ء سے 2014ء تک لوک سبھا کی رکن رہ چکی ہیں ۔ یہ بھی اتفاق ہے کہ ماضی میں اعظم خان اور جیہ پردا دونوں ہی سماج وادی پارٹی سے وابستہ تھے ۔ جس کے باوجود ان کے شدید اختلافات تھے ۔ جیہ پردا نے اعظم خان کے خلاف سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے شکایت کی تھی کہ خان نے ان پر ایسڈ حملہ کروانے کی کوشش کی تھی ۔ جیہ پردا 1994 میں تلگودیشم پارٹی سے اپنی فلمی کریئر شروع کی تھیں لیکن چندرا بابو نائیڈو سے اختلافات کے سبب اس پارٹی سے مستعفی ہوکر سماج وادی پارٹی میں شامل ہوگئی تھیں ۔ 2010ء میں انہیں ایس پی سے خارج کردیا گیا تھا اور 2014ء میں وہ اجیت سنگھ کی آر ایل ڈی میں شامل ہوگئی تھیں ۔