رام پور (یو پی): رام پور کی خصوصی ایم پی/ایم ایل اے عدالت نے چہارشنبہ کو سابق ایم پی جیا پردا کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مقدمہ میں بڑی راحت دیتے ہوئے بری کر دیا۔ جیا کے وکیل ارون پرکاش سکسینہ نے میڈیا کو بتایا کہ رام پور کیی سابق ایم پی کے خلاف 2019 میں ضلع کے سوار پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق یہ الزام لگایا گیا تھا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے باوجود جیا نے بغیر اجازت نور پور گاؤں میں ایک جلسہ عام کا اہتمام کیا اور ایک سڑک کا افتتاح کیا۔ جیا پردا اس وقت بی جے پی کے ٹکٹ پر رام پور لوک سبھا سیٹ سے الیکشن لڑ رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اسپیشل ایم پی/ایم ایل اے کورٹ کے جج شوبھت بنسل نے ثبوت کی کمی کی وجہ سے جیا کو بری کردیا۔جیا نے عدالت کے فیصلے کے بعد صحافیوں کو بتایاکہ وہ عدالت کے فیصلہ سے وہ خوش ہیں۔ کچھ لوگ انہیں رام پور آنے سے روکنے کی سازش کر رہے ہیں لیکن رام پور ان کا دوسرا گھر ہے اور وہ بار بار آتی رہیں گی۔ وہ اگلے لوک سبھا انتخابات بھی رام پور سے لڑیں گی۔ حلقہ کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔