قابل اعتراض بیان
رامپور 22اپریل(سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش کے ضلع رامپور کی انتظامیہ نے سماجوادی پارٹی ایم ایل اے و اعظم خان کے بیٹے عبداللہ خان اور بی جے پی امیدوار جیہ پردہ کے خلاف قابل اعتراض بیان دینے کے پاداش میں مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دی ہے ۔رامپور سے ایس پی امیدوار اعظم کے بیٹے عبداللہ اعظم پرجیہ پردہ کو‘‘انار کلی’’ کہنے اور جیہ پردہ پر بی ایس پی سریمو مایاوتی کے خلاف ناشائستہ زبان استعمال کرنے کے لئے مقدمہ درج کیا گیاہے ۔تیسرے مرحلے کے انتخابی مہم کے اختتام سے عین قبل اپنے والد کے حق میں منعقد ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عبداللہ اعظم نے کہا تھا کہ ‘‘ ’’ہمیں بجرنگ بلی اور علی کو چاہیں انار کلی نہیں‘‘۔ چیف جسٹس آف انڈیا پر لگائے گئے الزامات پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے عبداللہ نے کہا کہ مودی حکومت کے اندر عدلیہ بھی خوف کے سائے میں ہے ۔عبداللہ نے رامپور مقامی انتظامیہ پر اختیار کے غلط استعمال کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کے افراد بی جے پی امیدوار کی در پردہ مدد کرر ہے ہیں۔ ایس پی کارکنوں اور لیڈروں پر مقدمے درج کئے جارہے ہیں تاکہ اقلیتی ووٹوں کو متاثر کیا جاسکے ۔رامپور کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ انجنی کمار جو کہ ریٹرنگ آفیسر بھی ہیں نے پیر کو میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عبداللہ اعظم خان کے خلاف جیہ پردہ کو‘انارکلی’ کہنے کے پاداش میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔ہمیں ثبوت کے طور پر ویڈیو ریکارڈنگ کی کلپ دی گئی۔ اور اسی کے مطابق مقدمہ درج کیا جائے گا۔ وہیں ذرائع کے مطابق بی جے پی لیڈر جیہ پردہ کے خلاف آئی پی سی سیکشن 171(جی) کے تحت ایس پی لیڈر اور بی ایس پی سپریمو مایاوتی پر ذاتی تبصرہ کرنے کے پاداش میں مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔بی جے پی امیدوار نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ’’ میرے اوپر اعظم خان کے تبصرے کو ملحوظ رکھتے ہوئے مایاوتی آپ کو ضرورسوچنا چاہئے کہ ان کی ایکسرے کی طرح آنکھیں آپ کو بھی گھور سکتی ہیں‘‘۔جیہ پردہ پر مقدمہ ان کے 18 اپریل کو ایک انتخابی ریلی میں دئے گئے بیان کی بنیاد پر درج کیا گیا ہے ۔ رامپور میں تیسرے مرحلے کے تحت 23 اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے ۔
