نئی دہلی۔ 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اداکار سے سیاست داں بننے والی جیہ پردا منگل کو بی جے پی میں شامل ہوگئیں اور توقع ہے کہ اس پارٹی کی طرف سے انہیں اترپردیش کے حلقہ لوک سبھا کانپور سے امیدوار نامزد کیا جائے گا۔ جیہ پردا جو سماج وادی پارٹی کی سابق سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا کے رکن امر سنگھ کی انتہائی قریبی اور بااعتماد ساتھی تھیں، ماضی میں دو مرتبہ حلقہ رامپور سے سماج وادی پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہوئی تھیں۔ بی جے پی کی طرف سے امیدوار نامزد کئے جانے کی صورت میں رامپور سے جیہ پردا کا مقابلہ ایس پی کے سینئر لیڈر اعظم خاں سے ہوگا۔ جیہ پردا نے وزیراعظم نریندر مودی کی ستائش کرتے ہوئے انہیں ایک ایسا بہادر شخص قرار دیا جس کے ہاتھوں ملک محفوظ ہے۔ ممتاز تلگو فلمی اداکارہ جیہ پردا نے تلگو دیشم کی رکن راجیہ سبھا کی حیثیت سے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا تھا۔ 1994ء میں چندرا بابو نائیڈو سے اختلافات کی بنیاد پر وہ اس پارٹی سے مستعفی ہوکر ایس پی میں شمولیت اختیار کی تھیں۔ بی جے پی میں شمولیت 56 سالہ جیہ پردا کی زندگی کا ایک اہم موڑ سمجھا جارہا ہے اور وہ زعفرانی جماعت کا کام کرنے کیلئے وقف ہوجائیں گی۔ اترپردیش کے تمام 80 حلقوں میں کانپور واحد حلقہ ہے جہاں مسلمانوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے لیکن 2014ء میں مودی لہر کے سبب بی جے پی امیدوار نیپال سنگھ منتخب ہوئے تھے۔