سابق رکن پارلیمنٹ نے کے سی آر کو پہلے تلنگانہ کے مسائل حل کرنے کے بعد قومی سیاست کی فکر کرنے کا مشورہ دیا
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : فلمی اداکارہ بی جے پی قائد جیہ پردہ نے تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے کسی ایک ریاست سے مقابلہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ۔ سابق میں وہ اترپردیش سے سماج وادی پارٹی کے ٹکٹ پر مقابلہ کرتے ہوئے پارلیمنٹ کو منتخب ہوچکی ہیں ۔ امرسنگھ کی قریبی مانی جانے والی جیہ پردہ امر سنگھ کی سماج وادی پارٹی سے علحدگی کے بعد بی جے پی میں شمولیت اختیار کی اور انتخابات میں انہیں شکست ہوئی تھی ۔ انہوں نے حیدرآباد کے حمایت نگر میں ایک کلینک کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ تلگو ریاستوں سے مقابلہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ تلگو داں ہیں اور یہاں سے مقابلہ کرنا ان کا حق ہے ۔ اگر بی جے پی قیادت اجازت دیتی ہے تو وہ دونوں تلگو ریاستوں میں بی جے پی کو استحکام کرنے کے لیے کام بھی کریں گی اور مقابلہ بھی کریں گی ۔ انہوں نے ٹی آر ایس اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی حکومتوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دونوں ہی ریاستوں کی حکومتیں عوامی مسائل کو حل کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ہیں ۔ جیہ پردہ نے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کو مشورہ دیا کہ وہ پہلے ریاست کے عوامی مسائل کو حل کریں پھر قومی سیاست کے بارے میں فکر کریں ۔۔ ن