جی۔20 سربراہی اجلاس کا اختتام، برازیل کو صدارت حوالے

,

   

طے شدہ موضوعات کا جائزہ لینے نومبر میں جی۔20 ورچوئل اجلاس کیلئے وزیر اعظم مودی کی تجویز

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو نئی دہلی میںجی۔20 سربراہی اجلاس کے اختتام کا اعلان کر دیا اور صدارت برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا دا سلوا کو سونپ دی۔ برازیل اگلے ایک سال تک جی۔20 کی سربراہی کرے گا۔ وزیر اعظم مودی نے امید ظاہر کی کہ برازیل کی صدارت میں جی۔20 گروپ مشترکہ ایجنڈے کو مزید آگے بڑھائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے برازیل کے صدر کو بھی مبارکباد پیش کی۔جی۔20 سربراہی اجلاس کے اختتام کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ جیسا کہ آپ سب کو علم ہے کہ نومبر 2023 تک جی۔20 کی صدارت سنبھالنے کی ذمہ داری ہندوستان کے پاس ہے۔ دہلی میں منعقدہ سربراہی اجلاس کے دوران دو دنوں میں آپ سب نے بہت ساری تجاویز اور قراردادیں پیش کیں۔ یہ ہمارا فرض ہے کہ ایک مرتبہ پھر سے ان تجاویز کا جائزہ لیا جائے تاکہ یہ طے ہو سکے کہ ان کی پیشرفت کو کس طرح تیز کیا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے تجویز پیش کی کہ نومبر کے آخر میں جی۔20 کا ایک ورچوئل اجلاس منعقد کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ورچوئل اجلاس کے دوران اس سربراہی اجلاس میں طے شدہ موضوعات کا جائزہ لے سکتے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ آپ سبھی ورچوئل سیشن میں شامل ہوں گے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے جی۔20 سربراہی اجلاس کے اختتام پذیر ہونے کا اعلان کردیا۔خیال رہے کہ ہندوستان نے گزشتہ سال بالی سربراہی اجلاس کے دوران انڈونیشیا سے جی-20 کی صدارت حاصل کی تھی۔ مالی شمولیت کو وسعت دینا اور ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کے ساتھ کثیر جہتی ترقیاتی بینکوں (ایم ڈی بیز) کو ابھرتی ہوئی معیشتوں کے لیے مضبوط بنانا، گلوبل ساؤتھ کی آواز کو بڑھانا اور ماحولیاتی پائیداری کو یقینی بنانا ہندوستان کی جی-20 صدارت کے کچھ اہم مقاصد ہیں۔