جی۔20 قائدین کا راج گھاٹ پر مہاتما گاندھی کو خراج

   

نئی دہلی: دہلی میں منعقدہ جی۔20 سمٹ کے دوسرے دن علی الصبح دنیا کے تمام طاقتور ممالک کے قائدین راج گھاٹ پہنچے اور سبھی قائدین نے مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ اس موقع پر وزیراعظم نریندر مودی بھی موجود رہے، جنہوں نے تمام کی کھادی کے شال پہنا کر عزت افزائی کی۔امریکی صدر جو بائیڈن بھی مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرنے اور پھول چڑھانے کے لیے دہلی کے راج گھاٹ پہنچے۔ اٹلی کے وزیر اعظم جارجیا میلونی، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردغان، روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف، عوامی جمہوریہ چین کے وزیر اعظم لی کیانگ، انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو، برطانیہ کے وزیر اعظم رشی سنک، فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون، جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر سبھی نے دو منٹ کی خاموشی منائی۔ قابل ذکر ہے کہ آج جی-20 سربراہی اجلاس کا دوسرا اور آخری دن تھا۔ صبح 10 بجے کے بعد جی-20 سربراہی اجلاس کی تیسری اور آخری نشست شروع ہوئی جس کا موضوع ’ایک مستقبل‘ تھا۔ گزشتہ روز جی-20 کی دو نشستیں ہوئی تھیں۔ قائدین نے پہلے اجلاس میں ہی 73 امور پر مبنی اعلامیہ پر اتفاق ظاہر کیا تھا۔