جی او 317 ملازمین کے تبادلوںکی منظوری

   

چیف سکریٹری شانتی کماری کے احکامات ، 31 دسمبر سے قبل تبادلوں کو مکمل کرنے کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 4 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی حکومت نے جی او 317 کے تحت ملازمین کے تبادلوں کو منظوری دی ہے ۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے احکامات جاری کرتے ہوئے 31 دسمبر تک تبادلوں کے عمل کو مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ مقامی ( لوکل ) کے معاملے میں صدارتی مکتوب کے مطابق ماضی میں مختص کردہ نئے لوکل کیڈر کے ملازمین میں میاں بیوی جوڑے ، باہمی تبادلے اور ناسازی صحت کی وجوہات سے دوسرے لوکل کیڈرس کو دوبارہ تبادلے کرنے کی منظوری دی ہے ۔ کانگریس حکومت نے ریاستی وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا کی قیادت میں کابینی سب کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے جی او 317 اور جی او 56 ملازمین کے مسائل حل کرنے کی ہدایت دی ۔ کابینی سب کمیٹی کی سفارش پر تازہ طور پر تین کیڈرس کے تحت کیڈر تبدیل کرنے کی منظوری دی ہے ۔ ریاستی حکومت ، مقامی اداروں ، ریاستی پبلک سیکٹر باڈیز میں خدمات انجام دینے والے میاں بیوی اگر اتفاق سے علحدہ علحدہ لوکل کیڈرس کو مختص کئے گئے ہیں تو انہیں کیڈر تبدیل کرنے کی گنجائش فراہم کی گئی ہے ۔ درخواست کا جائزہ لینے کے بعد دونوں کو ایک ہی کیڈر الاٹ کرنے کا تیقن دیا گیا ہے ۔ تاہم چند محکموں میں اس پر عمل آوری ممکن نہیں ہے ۔ زیادہ سے زیادہ ملازمین میاں بیوی کے زمرے میں کیڈر تبدیل کرنے درخواست دینے پر اس کا جائزہ لینا بھی ممکن نہیں ہے ۔ کابینی سب کمیٹی نے اپنی سفارش میں بتایا کہ مخلوعہ جائیدادوں کا جائزہ لینے کے بعد ان درخواستوں پر قطعی فیصلہ کیا جائے گا ۔ خرابی صحت کی وجہ سے ایک کیڈر سے دوسرے کیڈر کو منتقل ہونے کے لیے وصول ہونے والی درخواستوں کا متعلقہ محکمہ جات کے سکریٹریز کو جائزہ لیتے ہوئے اہل ملازمین کے کیڈر تبدیل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔۔ 2