حیدرآباد۔ 25 جنوری (سیاست نیوز) نئے زونل سسٹم کے تحت اضلاع میں ملازمین کی تقسیم کے لئے جاری کردہ جی او 317 نے ایک اور ٹیچر کی جان لے لی ہے۔ ورنگل ضلع میں یو رمیش نامی ٹیچر نے جی او 317 کے تحت تبادلہ سے دلبرداشتہ ہوکر کیڑے مار دوا کا استعمال کرکے خودکشی کرلی۔ مقامی ہونے کے باوجود رمیش کا تبادلہ ورنگل سے ملگ ضلع کو کیا گیا جس کے بعد سے وہ ذہنی اذیت کا شکار تھے۔ ورنگل ضلع میں ابھی تک تین اساتذہ نے جی او پر عمل آوری کے خلاف خودکشی کرلی ہے۔ رمیش کا تعلق نرسم پیٹ منڈل کے چندریا پلی گاؤں سے ہے۔ وہ خانہ پور منڈل کے دھرما راؤ پیٹ میں خدمات انجام دے رہے تھے۔ انہیں تبادلہ کرکے ملگ ضلع کے دور دراز علاقہ میں تعینات کیا گیا۔ر
کئی دن سے پریشان رمیش نے کیڑے مار ادویات کا استعمال کرتے ہوئے خودکشی کرلی۔ رمیش کے افراد خاندان نے خودکشی کے لئے حکومت کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔ کانگریس اور بی جے پی نے خودکشی کے لئے حکومت کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے پسماندگان کو ایکس گریشا اور جی او 317 سے دستبرداری کا مطالبہ کیا۔ ر