پروفیسر کودنڈا رام کا الزام، من مانی تبادلوں سے ذہنی الجھن
حیدرآباد۔/19 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ جنا سمیتی کے سربراہ پروفیسر کودنڈا رام نے سرکاری ملازمین اور اساتذہ کی نئے زونل سسٹم کے تحت تقسیم سے متعلق جی او 317 سے فی الفور دستبرداری کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جی او پر عمل آوری کی صورت میں ملازمین اور اساتذہ کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے۔ صدارتی حکمنامہ میں اگرچہ مقامی ہونے کی بنیاد پر ملازمین اور اساتذہ کا الاٹمنٹ اور تبادلہ کیا جاتا ہے لیکن سینئر عہدیدار اپنی مرضی کے مطابق ٹیچرس کو دیگر اضلاع میں پوسٹنگ قبول کرنے کیلئے دباؤ بنارہے ہیں۔ ہزاروں کی تعداد میں ملازمین اور اساتذہ کو نقصان پہنچا ہے۔ بعض اساتذہ نے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرلی ہے۔ کودنڈا رام نے کہا کہ ملازمین کی تنظیموں کی جانب سے بارہا نمائندگی کے باوجود حکومت جی او میں ترمیم کیلئے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنیاریٹی کی بنیاد پر تبادلوں کے بجائے غیر ضروری طور پر جبری تبادلے عمل میں لائے جارہے ہیں جس سے ملازمین اور اساتذہ ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جی او 317 از خود کئی خامیوں سے پر ہے۔ حکومت کو چاہیئے کہ وہ جی او میں ترمیم کرتے ہوئے ملازمین اور اساتذہ کو راحت پہنچائے یا پھر جی او سے دستبرداری اختیار کرلے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین اور اساتذہ کے نمائندوں سے مشاورت کے بعد نئے احکامات اور رہنمایانہ خطوط طئے کئے جائیں۔ ر