جی ایس ٹی بقایا جات کی جلد اجرائی اور کالیشورم کو قومی پراجیکٹ کا درجہ دیا جائے

,

   

Ferty9 Clinic

مشن بھگیرتا اور مشن کاکتیہ کے لیے خصوصی امداد کی اپیل، دہلی میں وزرائے فینانس کی کانفرنس سے ہریش رائو کا خطاب
حیدرآباد۔ 18 ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر فینانس ٹی ہریش رائو نے مرکز پر زور دیا کہ ریاستوں کی ہمہ جہتی ترقی کے لیے فراخدلانہ تعاون کرے۔ جی ایس ٹی کے بقایا جات اور تلنگانہ کے زیر التوا مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کی درخواست کی گئی۔ ہریش رائو آج نئی دہلی میں مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتارامن کی جانب سے ریاستوں کے وزرائے فینانس کے طلب کردہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ ہریش رائو نے ملک میں معاشی انحطاط کے پس منظر میں ریاستوں کو درپیش مسائل کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی انحطاط کے سبب ملک کی ترقی کی رفتار متاثر ہوئی ہے جس کا اثر ریاستوں پر پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی پر عمل آوری کے سلسلہ میں ازسر نو جائزہ لینے کی ضرورت ہے تاکہ ریاستوں پر اعتماد بحال ہوسکے۔ انہوں نے مرکزی وزیر سے تلنگانہ کے زیر التوا جی ایس ٹی کے بقایا جات کی فوری اجرائی کی درخواست کی۔ انہوں نے مرکز کی مناریگا اسکیم میں زرعی شعبے کو شامل کرنے کی تجویز پیش کی۔ تلنگانہ کو درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے ہریش رائو نے کہا کہ نئی ریاست کے ساتھ متحدہ آندھراپردیش میں نانصافی ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں 10 کے منجملہ 9 اضلاع پسماندگی کا شکار رہے۔ انہوں نے مالیاتی سال 2019-20ء کے دوران پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے مرکز سے 450 کروڑ روپئے کے بقایاجات کی اندرون ایک ماہ اجرائی کی درخواست کی۔ انہوں نے مشن بھگیرتا اور مشن کاکتیہ اسکیمات کے لیے مرکز سے امداد کی اپیل کی اور کہا کہ مشن بھگیرتا کے تحت ہر گھر کو پینے کے پانی کی سربراہی کا منصوبہ ہے جبکہ مشن کاکتیہ کے ذریعہ چھوٹے اور اوسط آبپاشی پراجیکٹس کا تحفظ کیا جارہا ہے۔ پراجیکٹ کے تحت 45 ہزار آبپاشی تالابوں کو بحال کیا گیا۔ نیتی آیوگ نے دونوں پراجیکٹس کی ستائش کی ہے۔ ہریش رائو نے بتایا کہ نیتی آیوگ نے مشن بھگیرتا کے لیے 19205 اور مشن کاکتیہ کے لیے 5 ہزار کروڑ کی خصوصی امداد اندرون تین سال جاری کرنے کی سفارش کی تھی۔ وزارت فینانس نے نیتا آیوگ کی سفارشات پر عمل نہیں کیا ہے۔ ہریش رائو نے دونوں اسکیمات کے لیے سفارش کردہ رقم جاری کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ کروڑ کے صرفہ سے کالیشورم پراجیکٹ تعمیر کیا گیا ہے اور یہ رقم قرضہ جات سے حاصل کی گئی جو ریاست پر ایک بوجھ ہے۔ انہوں نے کالیشورم کو قومی پراجیکٹ کا درجہ دینے کی اپیل کی۔ ہریش رائو نے آندھراپردیش تنظیم جدید قانون کے تحت تلنگانہ کو انٹیگریٹیڈ اسٹیل پلانٹ کی منظوری کی اپیل کی۔