جی ایس ٹی عہدیدار کے مکان پر دھاوا

   

غیر محسوب اثاثہ جات کے انکشاف پر سی بی آئی کی کارروائی
حیدرآباد 9 جولائی (سیاست نیوز) سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) کی جانب سے ملک بھر میں بدعنوان اور رشوت خور عہدیداروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی جس میں شہر کے ایک جی ایس ٹی عہدیدار کے مکان پر بھی دھاوا کرتے ہوئے اُن کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بی سرینواس گاندھی جنھوں نے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ میں تعیناتی کے دوران آندھراپردیش کے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کے خلاف سابق میں درج کئے گئے مقدمات میں تحقیقاتی عہدیدار تھے، سی بی آئی کی ایک ٹیم نے اچانک سرینواس گاندھی کے حیدرآباد اور وجئے واڑہ کی قیامگاہوں پر دھاوا کرتے ہوئے 3.74 کروڑ غیر محسوب اثاثہ جات ہونے کا پتہ چلایا۔ سرینواس گاندھی اور اُن کی بیوی بی سریشا کے خلاف پریوینشن آف کرپشن ایکٹ کے تحت بھی ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ سی بی آئی کا الزام ہے کہ سرینواس گاندھی جو بشیر باغ جی ایس ٹی بھون میں سٹی زون سنٹرل جی ایس ٹی کے عہدیدار کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں اور سابق میں 2010 ء تا 2019 ء اپنے عہدوں کا غیر مجاز فائدہ اُٹھاتے ہوئے بھاری اثاثہ جات اکٹھا کئے۔ سی بی آئی اِس مقدمہ کی تحقیقات کرے گی۔ واضح رہے کہ آج سی بی آئی کی جانب سے ملک کے مختلف مقامات پر 110 بدعنوان اور کرپٹ عہدیداروں کے مکانات پر دھاوے کئے گئے اور اِس ضمن میں مقدمات بھی درج کئے جانے کی اطلاع ہے۔