جی ایس ٹی میں اب صرف 5% اور 18%

,

   

وزیرفینانس نرملا سیتارمن کا اعلان

نئی دہلی ۔ 3 ستمبر (ایجنسیز) مرکزی وزیرفینانس نرملا سیتارمن نے چہارشنبہ کو گڈس اینڈ سرویسیس ٹیکس (جی ایس ٹی) کی شرحوں میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دو زمروں کے ٹیکس ریٹ سسٹم کی منظوری کے بعد اب عام آدمی کو کافی فائدہ پہنچے گا۔ جی ایس ٹی کونسل نے 5% اور 18% کے دو سلیب والے خاکے کو منظوری دی ہے ۔ جی ایس ٹی شرح کو معقول بنانے کے اقدام کا 22 ستمبر سے نفاذ عمل میں آئے گا۔ وزیرفینانس نے کہا کہ عام آدمی اور متوسط طبقہ کے استعمال میں آنے والی اشیاء کیلئے 18% اور 12% سے بڑی کٹوتی کرتے ہوئے اسے 5% میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ ہیرآئیل ، ٹائلٹ کی صفائی کی اشیاء، دیگر صابن ، شیمپو، ٹوتھ برش، ٹوتھ پیسٹ، سائیکل، میز کی اشیاء، باورچی خانے میں استعمال کا سامان اور دیگر گھریلو اشیاء کیلئے اب 5% جی ایس ٹی لاگو ہوگا۔ یو ایچ ٹی دودھ ، پنیر اور تمام ہندوستانی بریڈ کیلئے کوئی جی ایس ٹی نہیں ہوگا۔ جی ایس ٹی کونسل کی 56 ویں میٹنگ آج شروع ہوئی تاکہ امکانی کٹوتی کی شرح کا جائزہ لیتے ہوئے مختلف اقدامات منظور کئے جائیں۔ یہ میٹنگ 10:30 گھنٹے چلی ، جس میں مرکزی حکومت کے ساتھ ریاستوں کو مختلف اہم ٹیکس تجاویز پر غوروخوض کرنے کا موقع فراہم ہوا۔ جی ایس ٹی اسٹرکچر میں ترامیم دیسی کھپت کو بڑھاوا دینے اور مختلف کاروباروں کو ہندوستانی پراڈکٹس پر امریکہ کی طرف سے عائد 50 فیصد درآمدی محصول کے اثر سے نمٹتے ہوئے ابھرنے میں مدد دیں گے۔ انفرادی نوعیت کی تمام لائف انشورنس پالیسیوں کیلئے جی ایس ٹی استثنیٰ رکھا گیا ہے۔ انفرادی نوعیت کی ہیلتھ انشورنس پالیسیوں کیلئے بھی مکمل جی ایس ٹی استثنیٰ رہے گا۔ موجودہ 4 سلیب کے ٹیکس اسٹرکچر کو دو شرحوں کے ساتھ سادہ ٹیکس سسٹم میں تبدیل کیا جارہا ہے۔ 18% معیاری شرح ہوگی اور 5% میرٹ ریٹ ۔ اس کے علاوہ بعض منتخب آئٹمس کیلئے 40 فیصد خصوصی شرح لاگو ہوگی۔ صفر جی ایس ٹی والی اشیاء میں پیاکیج میں فراہم کیا جانے والا چنا اور انڈین بریڈ جیسے چپاتی ، روٹی، پراٹھا شامل ہیں۔ نمکین، بھجیا ، چٹنی، نوڈل، چاکلیٹ، محفوظ کئے جانے والا گوشت اور ڈیری پراڈکٹس کیلئے جی ایس ٹی 12% فیصد یا 18% سے گھٹا کر 5% کردیا گیا ہے۔ ایرکنڈیشنر ، 32 انچ کے ٹی وی، ڈش واشر اور 350 سی سی سے کم والی گاڑیوں کیلئے جی ایس ٹی شرح% 28 سے گھٹا کر 18% کی جانے کی تجویز ہے۔