نئی دہلی ۔28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) جی ایس ٹی وصولی میں تیزی سے گراوٹ آ رہی ہے اور حکام اس سے پریشان ہیں۔ اس مسئلہ کے حل کے لئے حکومت اب ان افراد پر شکنجہ کسنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے جو فرضی بل بنا کر حکومت کے پاس ان پٹ کریڈٹ ٹیکس کا دعویٰ ٹھونک رہے ہیں۔ ٹیکس حکام جلد ہی ان معاملوں کی جانچ شروع کر سکتے ہیں جن میں ان پٹ ٹیکس کریڈٹ کے لئے دعوے ٹھونکے جا رہے ہیں۔ یہ معاملہ براہ راست طور پر سرکاری خزانہ سے جڑا ہوا ہے۔ ٹیکس کی وصولی میں کیوں گراوٹ آ رہی ہے اس کے اسباب کی تحقیق کے لئے وزرا کا ایک گروپ تشکیل دیا گیا ہے۔ جب اس وزرا گروپ کا اجلاس ہوا تب اس بات کا امکان پایا گیا کہ کچھ کاروباری فرضی بل کے ذریعہ ان پٹ ٹیکس کریڈٹ کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ اسی وجہ سے جو ٹیکس موصول ہوا ہے اس میں سے بڑی رقم ان پٹ کریڈٹ کے طور پر واپس جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ مالی سال 2018-19 میں جی ایس ٹی کی اوسط ماہانہ وصولی 96000کروڑ روپئے رہی ہے۔