جی ایم آر ارینا میں ایونٹ کے دوران نوجوان کی موت

   

حالت نشہ میں لڑکے لڑکیوں کا نیم برہنہ رقص ، مقامی عوام میں برہمی
شمس آباد ۔ 24 مارچ (سیاست نیوز) راجیوگاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد کے احاطہ میں جی ایم آر ارینا میں ڈی جے اسنیک ایونٹ منعقد کیا گیا جو سن برنس کے نام سے رکھا گیا تھا، دونوں تلگو ریاستوں کے ہزارہا نوجوان لڑکے لڑکیوں نے شرکت کی جہاں حالت نشہ میں نیم برہنہ رقص کیا گیا۔ اطلاع کے بموجب رقص و موسیقی، شراب نوشی کے دوران 23 سالہ نوجوان ایم تلسی رام ساکن مغربی گوداوری کی موت واقع ہوئی جس کے چہرے پر زخم دیکھے گئے۔ ناک اور کان سے خون بہہ رہا تھا۔ شمس آباد آر جی آئی پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ منتقل کردیا۔ مقامی افراد نے ایسے ایونٹس پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نوجوان نسل بری طرح متاثر ہورہی ہے۔ نوجوان لڑکے لڑکیوں کی حالت نشہ میں غیرمہذب حرکات، رقص و موسیقی کے ایسے پروگراموں کو فی الفور بند کردینا چاہئے۔ بالخصوص ایرپورٹ کے احاطہ میں اس قسم کے ایونٹس نہ صرف شہر حیدرآباد بلکہ دیگر مقامات کے نوجوانوں کیلئے بھی پرکشش بن رہے ہیں۔ مشتبہ حالت میں فوت نوجوان تلسی رام کے رشتہ داروں نے موت کی وجوہات کے بارے میں شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی حقیقت کا پتہ چل سکتا ہے۔