جی ایم آر کاکیناڈا گیٹ وے پورٹ کا سنگ بنیاد

   

چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو کا خطاب
شمس آباد 4 جنوری (سیاست نیوز) جی ایم آر کاکیناڈا گیٹ وے پورٹ لمیٹیڈ کا ایسٹ گوداوری ضلع کے کونا گاؤں میں چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو کے ہاتھوں سنگ بنیاد رکھا گیا۔ اس موقع پر چندرابابو نائیڈو نے اپنے خطاب میں کہاکہ 974 کیلو میٹر کوسٹ لائن ریاست ترقیاتی کام اور روزگار فراہم کررہی ہے۔ انھوں نے یقین ظاہر کیاکہ کاکیناڈا گیٹ وے بندرگاہ پورے ملک کے لئے ایک مثال بنے گی جس سے یہاں پر 5 لاکھ سے زائد ملازمتیں فراہم ہوں گی اور ریاست سے بے روزگاری کا ایک حد تک خاتمہ ہوگا۔ مسٹر بی وی این راؤ چیرمین ٹرانسپورٹیشن اینڈ اربن انفراسٹرکچر جی ایم آر گروپ نے کہاکہ کاکیناڈا میں ایک صنعتی انقلاب آئے گا اور صنعتی پارک یونٹ قائم کرنے کے لئے مینوفیکچرنگ انڈسٹریز کے لئے بہترین موقع فراہم ہوگا۔ یہاں سے کارگو درآمد و برآمد کو فروغ دیتے ہوئے ٹریفک کے نظام کو بہتربنایا جائے گا۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر چنا راجپا، وزیر فینانس و پلاننگ وائی رام کرشنوڈو، کے کے وینکٹ راؤ انچارج وزیر ایسٹ گوداوری ڈسٹرکٹ و وزیر توانائی کے علاوہ وزراء اور ارکان اسمبلی کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔