بی جے پی کارپوریٹرس کا ہتک آمیز رویہ ، ایوان میں گندگی ڈالی گئی ، اجلاس مباحث کے بغیر ملتوی
حیدرآباد۔3۔مئی ۔ (سیاست نیوز) ایوان پارلیمان‘ ایوان اسمبلی یا ایوان بلدیہ کے اجلاسوں سے اب تک اپوزیشن جماعتوں کے بائیکاٹ کی خبریں موصول ہوا کرتی تھیں لیکن آج مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے اجلاس سے محکمہ آبرسانی اور بلدی عہدیداروں کے بائیکاٹ کے بعد ہنگامہ آرائی کے دوران اجلاس ختم کردیا گیا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کارپوریٹرس جو کہ شہر میں نالہ میں گرنے اور برقی شاک لگنے کے واقعات کے خلاف بطور احتجاج لائف جیکٹ ‘ آتش فرو آلات کے علاوہ تیراکی کے ٹیوب کے ساتھ جی ایچ ایم سی کے جنرل باڈی اجلاس میں پہنچے تھے نے الزام عائد کیا کہ شہر حیدرآباد میں بنیادی سہولتوں کی عدم موجودگی اور نالوں کی کشادگی نہ کئے جانے اور گڑھوں کو کھلا چھوڑ دیئے جانے کے سبب ہلاکتیں واقع ہورہی ہیں اور اس کے لئے عہدیدارو ںکو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے بی جے پی کارپوریٹرس احتجاج کرنے لگے ۔ بی جے پی کارپوریٹرس کی ہنگامہ آرائی اور احتجاج کے دوران مئیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبادمسزجی وجیہ لکشمی نے کہا کہ 5ماہ بعد عوامی مسائل پر مباحث اور ان کے حل کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سے مشاورت کے بعد جنرل باڈی اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن اس مرتبہ بھی بھارتیہ جنتا پارٹی کی ہنگامہ آرائی اور ہتک آمیز رویہ کے سبب عہدیداروں نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا جس کی وجہ سے اجلاس منعقد نہیں ہوسکا۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے احتجاجی کارپوریٹرس نے ایوان میں داخل ہونے کے بعد سے ہی نعرہ بازی کر رہے تھے اور اجلاس کے آغاز پر متوفی کارپوریٹر کو تعزیت پیش کرنے کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہنگامہ آرائی شروع کردی گئی۔ اس ہنگامہ کے دوران محکمہ آبرسانی اور بلدیہ کے عہدیداروں کے ہمراہ بی جے پی کارپوریٹرس کے سلوک پر برہم عہدیداروں نے اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے ایوان سے باہر چلے گئے لیکن اس کے بعد بھی بی جے پی کارپوریٹرس کی ہنگامہ آرائی ایوان میں جاری رہی۔ شہر حیدرآباد میں عوامی مسائل کے حل کے سلسلہ میں مباحث کے بجائے ہنگامہ آرائی کے دوران بلدیہ کے اجلاس کو ختم کردیئے جانے کے سلسلہ میں بی جے پی کارپوریٹرس سے دریافت کرنے پر انہوں نے الزام عائد کیا کہ وہ عوامی مسائل پر ہی گفتگو کر نے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن برسراقتدار جماعت کے اشاروں پر احتجاج کو نیا رخ دینے کی کوشش کی جار ہی ہے۔ زونل کمشنر کوکٹ پلی زون مسز وی ممتا نے اجلاس سے بائیکاٹ کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کارپوریٹرس نے عہدیداروں کے ساتھ نہ صرف ہتک آمیز رویہ اختیار کیا بلکہ کارپوریٹرس نے ایوان میں گندگی ڈالتے ہوئے محکمہ آبرسانی کے عہدیداروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس طر ح کا رویہ ناقابل برداشت ہے اسی لئے عہدیداروں نے اس اجلاس کا بائیکاٹ کیا ہے۔احتجاجی ارکان بلدیہ نے عہدیداروں کے رویہ کو غیر جمہوری اور افسر شاہی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے بجائے عہدیداروں سیاسی قائدین کے ہاتھوں کٹھ پتلی کے طور پر کام کر رہے ہیں۔م