جی ایچ ایم سی انتخابات، پولیس کا سخت انتظامِ

   

نیم فوجی دستے اور پولیس تعینات، حساس علاقوں پر گہری نظر: سٹی پولیس کمشنرانجنی کمار
حیدرآباد : جی ایچ ایم سی انتخابات کے پیش نظر حیدرآباد سٹی پولیس نے سکیور ٹی کے وسیع تر انتظامات کئے ہیں اور دونوں شہروں میں 22 ہزار پولیس فورس تعینات کی جارہی ہے ۔ پولیس کمشنر حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جی ایچ ایم سی کی انتخابی مہم آج شام اختتام کو پہنچی اور یکم ڈسمبر کو منعقد ہونے والے انتخابات کیلئے نیم فوجی دستے اور ریاستی پولیس کے عملہ کو تعینات کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنس کی نشاندہی کی ہے اور ان کی سکیورٹی کیلئے انسپکٹر رتبہ کے عہدیداروںکو تعینات کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ اسٹرائیکنگ فورس ، ایمرجنسی ریسپانس ٹیم کو بھی تعینات کیا جارہا ہے اور 293 پولیس پکٹس انتہائی حساس علاقوں میں تعینات کئے جارہے ہیں ۔ انجنی کمار نے کہا کہ آرمڈ پولیس کی 6 خصوصی ٹیمیں قائم کی گئیں ہیں جو انتہائی حساس علاقوں میں گشت کرے گی ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں 89 وارڈس ہیں اور 4979 پولنگ اسٹیشنس موجود ہیں جبکہ 817 نئے پولنگ اسٹیشنس کو قائم کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2146 پولنگ اسٹیشنس ہیں جہاں پر حسب معمول رائے دہی ہوگی جبکہ 1517 حساس اور 167 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنس کی نشاندہی کی گئی ہے اور ان کیلئے 406 موبائیل پارٹیز قائم کی جارہی ہیں ۔ انجنی کمار نے کہا کہ رائے دہی کے دن 29 بارڈر چیک پوسٹس قائم کئے گئے ہیں اور ریاستی الیکشن کمیشن کی ہدایت پر 4187 لائیسنس یافتہ ہتھیاروں کو متعلقہ پولیس اسٹیشنس اور آرمری میں جمع کردیا گیا ہے ۔ انجنی کمار نے کہا کہ 3066 روڈی شیٹرس کو پابند مچلکہ کیا گیا ہے اور انتخابات کا اعلامیہ جو /17 نومبر کو جاری ہوا تھا سے اب تک 1.45 نقد رقم اور 10 لاکھ مالیتی شراب اور منشیات ضبط کئے جاچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے متعلق 55 ایف آئی آر دونوں شہروں کے پولیس اسٹیشن میں درج کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ ہر پولنگ اسٹیشن کو جی او ٹیاگنگ کیا گیا ہے اور سوشیل میڈیا پر بھی حیدرآباد پولیس کی آئی ٹی سیل کڑی نظر رکھ رہی ہے ۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ شہر کے 4 لاکھ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے رائے دہی کے دن ڈی سی پی رتبہ کے عہدیدار کمانڈ کنٹرول سے حالات پر نظر رکھیں گے اور بیلٹ باکسیس کی نگرانی کیلئے بھی سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے ۔ انجنی کمار نے کہا کہ ریاستی الیکشن کمیشن کی ہدایت پر صرف امیدوار اور اس کے الیکشن ایجنٹ کو ایک ہی گاڑی میں سفر کرنے کی اجازت رہے گی اور رائے دہی کیلئے آنے والے افراد پولنگ اسٹیشن سے 200 کیلو میٹر دور اپنی گاڑیاں پارک کریں ۔ انہوں نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں الیکشن کو پرامن بنانے کیلئے پولیس تیار ہے ۔ اسی طرح سائبرآباد میں بھی سکیورٹی کے وسیع ترین انتظامات کئے جارہے ہیں اور رائے دہی کیلئے 13500 پولیس فورس متعین کی جارہی ہے ۔ پولیس کمشنر سائبر آباد وی سی سجنار کی نگرانی میں رائے دہی کیلئے سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں اور سائبرآباد حدود میں واقع 2569 پولنگ اسٹیشنس پر موثر سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے ۔