77,509 ناکارہ اور 28,604 نوٹا ووٹوں نے کئی ڈیویژنس میں امیدواروں کی قسمت بگاڑ دیا
حیدرآباد :۔ جی ایچ ایم سی انتخابات میں نوٹا سے زیادہ ناکارہ ووٹوں نے کئی ڈیویژنس میں امیدواروں کی قسمت کو بگاڑ دیا ۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں جملہ 74.12 لاکھ رائے دہندے ہیں جن میں 34.50 لاکھ رائے دہندوں نے حق رائے دہی سے استفادہ کیا ۔ ان میں 77,509 ووٹ ناکارہ ثابت ہوئے ۔ کئی ڈیویژنس میں یہی ناکارہ ووٹس امیدواروں کی ہار جیت میں اہم موڑ ثابت ہوئے ۔ کئی رائے دہندوں نے بغیر کوئی نشان لگائے بیالٹ پیپرس کو ڈبوں میں خالی ڈال دیا ۔ چند رائے دہندوں نے دو تین انتخابی نشانات پر ووٹ دے دیا ۔ بعض نے پین سے تحریر کی ۔ سواستک نشان کے بجائے انگوٹھا کا نشان لگایا ۔ ان ووٹوں کو ناکارہ ووٹوں میں شمار کیا گیا ۔ ایسے ووٹس نوٹا سے زیادہ پائے گئے ہیں ۔ سوائے نریڈمیٹ کے ماباقی 149 ڈیویژنس میں نوٹا کو 28,604 ووٹ حاصل ہوئے سب سے زیادہ بنجارہ ہلز ڈیویژن میں 805 ووٹ نوٹا کو حاصل ہوئے ۔ کنڈہ پور ڈیویژن میں 675 ، سیتاپھل منڈی میں 628 ڈالے گئے ۔ 5 ڈیویژنس میں ناکارہ ووٹوں کی تعداد 1000 سے زیادہ پائے گئے ۔ عنبر پیٹ ڈیویژن میں 1133 ۔ گاجولا رامم ڈیویژن میں 1110 گوشہ محل ڈیویژن میں 1109 سلیمان نگر ڈیویژن میں 1080 شاہ علی بنڈہ ڈیویژن میں 1011 ووٹ ناکارہ پائے گئے ۔ گاجولا رامم ڈیویژن میں ٹی آر ایس امیدوار نے کانگریس امیدوار پر 437 ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کی ۔ جہاں ناکارہ ووٹوں کی تعداد 1110 پائی گئی ۔ بی این ریڈی نگر ڈیویژن میں بی جے پی امیدوار نے 32 ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کی جہاں پر نوٹا کو 366 اور 346 ناکارہ ووٹ پائے گئے ۔ نریڈمیٹ ڈیویژن میں ٹی آر ایس اور بی جے پی امیدواروں کو سواستک نشان سے ڈالے گئے ووٹوں کے علاوہ دوسرے نشانات سے ڈالے گئے ووٹوں کی تعداد زیادہ ہے ۔۔