جی ایچ ایم سی انتخابات میں شامل افراد کو ایک ہفتہ کیلئے آئسولیشن کا مشورہ

   

حیدرآباد۔ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں ‘ سیاسی جماعتوں کے کارکنوں اور انتخابی تشہیر کا حصہ بننے والوں کو ایک ہفتہ کے لئے شخصی قرنطینہ میں چلے جانا چاہئے تاکہ کورونا وائرس کو قابو میں رکھا جاسکے۔ ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کی وباء بڑی حد تک قابو میں ہے لیکن اس وباء کے دوران شہر حیدرآباد میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات منعقد کئے گئے ہیں اور ان انتخابات میں شہریوں کا ایک دوسرے سے کافی زیادہ میل ملاپ رہا ہے اور شہریوں نے انتخابی تشہیر میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے ۔ڈائریکٹر محکمہ صحت ریاست تلنگانہ ڈاکٹر سرینواس راؤ نے آج انتخابی عمل کا حصہ بننے والوں کو ایک ہفتہ کے شخصی قرنطینہ کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں ہونے والے انتخابات کے دوران سلسل انتخابی مہم کا حصہ بننے والوں اور ان لوگوں کو قرنطینہ اختیار کرلینا چاہئے جن لوگوں نے گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران شہریوں سے ملاقاتوں میں شامل رہے ہیں۔ ڈاکٹرسرینواس راؤ نے کہا کہ جن شہریوں میں علامات پائے جا رہے ہیں اور جن کو کورونا وائرس کا شبہ ہے ان لوگوں کو اپنے کورونا وائرس کا معائنہ کروانے میں کوتاہی نہیں کرنی چاہئے تاکہ عاجلانہ نشاندہی کے ساتھ ہی بہتر علاج و معالجہ کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کی وباء قابو میں ہے اور دوسرے مرحلہ کی لہر کے سلسلہ میں ابھی کوئی توثیق نہیں کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں سردی کی لہر کے سبب کئی عوارض پائے جانے لگے ہیں اسی لئے خوفزدہ ہونے کے بجائے علاج پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے بتایاکہ کورونا وائرس کی مشتبہ مریضوں اور ان مریضوں جن میں علامات پائی جا رہی ہیں انہیں گھروں سے نکلنے سے اجتناب کرنا چاہئے ۔ڈائریکٹر محکمہ صحت نے کہا کہ ماسک کے استعمال کے ذریعہ کورونا وائرس کو 90فیصد تک روکا جاسکتا ہے ۔