وزیر جنگلات اندرا کرن ریڈی و نرمل کے قائدین مہم میں مصروف
نرمل :۔ وزیر جنگلات اے اندرا کرن ریڈی نرمل کے مقامی کیڈر کے ساتھ حیدرآباد کے بلدی حلقہ ڈیویژن بنجارہ ہلز میں انتخابی مہم چلا رہے ہیں ۔ این بی ٹی نگر ، بنجارہ ہلز کی امیدوار وجئے لکشمی کی انتخابی مہم میں نرمل کے کئی پارٹی ورکرس اقلیتی قائدین اراکین بلدیہ کے علاوہ اندرا کرن ریڈی اور ان کے فرزند یوتھ لیڈر گوتم ریڈی ، گوتم کی اہلیہ دیویا ریڈی بھی انتخابی مہم میں سرگرم ہیں ۔ آج شام اندرا کرن ریڈی نے اسٹاف رپورٹر سیاست نرمل سے فون پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ گنگا جمنی تہذیب کی ایک مثال رکھنے والے شہر بالخصوص ٹی آر ایس کی شاندار کارکردگی پر فرقہ پرست جماعت کبھی اثر انداز نہیں ہوسکتی ۔ ریاست کے تمام طبقات میں یکساں مقبول چندرا شیکھر راؤ کی قیادت ان انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کریگی ۔ انہوں نے جی ایچ ایم سی کے ووٹرس بلالحاظ مذہب و ملت اپیل کی کہ وہ تمام ڈیویژنس میں ٹی آر ایس کو بھاری اکثریت سے منتخب کرکے چیف منسٹر کی قیادت کو مضبوط کریں ۔ آج ملک بھر میں تلنگانہ کے ترقیاتی کاموں کی مثال دی جارہی ہے ۔ واضح رہے کہ اندرا کرن ریڈی وزیر جنگلات حیدرآباد کے بلدی انتخابات پرچہ نامزدگی کے ساتھ ہی پارٹی قائدین و افراد خاندان کے ہمراہ پارٹی کی کامیابی کیلئے سرگرم ہوگئے ہیں ۔۔