جی ایچ ایم سی انتخابات کیلئے 45 ہزار عملہ کی خدمات سے استفادہ

   

جی ایچ ایم سی ہیڈ آفس زونل و ڈپٹی کمشنرس آفس میں شکایتی کنٹرول رومس کا قیام الیکشن آفیسر لوکیش کمار
حیدرآباد :۔ جی ایچ ایم سی الیکشن آفیسر لوکیش کمار نے انتخابات کو آزادانہ اور منصفانہ انداز میں انجام دینے کے لیے دیانتداری سے کام کرنے کا نوڈل آفیسرس کو مشورہ دیا اور کہا کہ انتخابات کے انعقاد کے لیے 45 ہزار عملہ کی خدمات سے استفادہ کیا جارہا ہے ۔ انتخابی عملہ کے لیے تربیت کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے ۔ الیکشن آفیسر نے کہا کہ 25 نومبر تک ووٹر سلپ تقسیم کرنے کے عمل کو مکمل کرلیا جائے گا ۔ انہوں نے نوڈل آفیسرس کو ہدایت دی کہ وہ میکرو آبزرورس اور ویب کاسٹنگ کے والینٹرس کا تقرر کرلیں ۔ انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل آوری کرنے ، سڑکوں ، سرکاری دفاتر اور دوسرے عام مقامات سے سیاسی جماعتوں کے پارٹی پرچم اور عوامی منتخب نمائندوں کے فلیکسی پوسٹرس اور بیانرس کو فوری نکال دینے کی ہدایت دی ۔ اور ساتھ ہی شکایتیں اور تجاویز وصول کرنے کے لیے جی ایچ ایم سی ہیڈ آفس کے ساتھ تمام زونل ، ڈپٹی کمشنرس کے دفاتر پر انتخابی کال سنٹر کنٹرول رومس قائم کرنے کی بھی ہدایت اس کے علاوہ انتخابی ڈسٹری بیوشن ، رسپشن اور کاونٹنگ مراکز کی نشاندہی کو جلد از جلد مکمل کرنے کے بھی احکامات جاری کئے ۔ لوکیش کمار نے کہا کہ انتخابات میں نوڈل آفیسرس کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوجاتا ہے ۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی عمل آوری میں الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کرے ۔۔