اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں بجٹ منظور کرنے کا امکان
حیدرآباد۔7۔ڈسمبر۔(سیاست نیوز) مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد میں 27 بلدیات کے انضمام کے بعد منعقد ہونے والی پہلے اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس کے دوران جی ایچ ایم سی کے بجٹ 2026-2027 کے مسودہ کو منظوری دیئے جانے کا امکان ہے اور کہا جارہاہے کہ بلدی عہدیدارو ںنے 11ڈسمبر کو منعقد ہونے والے جی ایچ ایم سی بجٹ کی منظوری کے لئے اسٹینڈنگ کمیٹی میں منظوری کے لئے مسودہ تیار کرلیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کا آئندہ مالی سال کا بجٹ 11ہزار 50 کروڑ روپئے کا ہوسکتا ہے کیونکہ عہدیداروں نے جو مطالبات زر اور منصوبہ جات کی تیاری عمل میں لائی ہے اس کے مطابق 27 بلدیات کے انضمام کے بعد بجٹ میں بھی اضافہ کے اقدامات کئے جانے ہیں۔ 2025-2026 مالی سال کے دوران مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کا بجٹ 8 ہزار 440 کروڑ کا تھا لیکن اب 27 بلدیات کے انضمام کے بعد بجٹ میں اضافہ کے اقدامات بھی کئے جانے لگے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ 11ڈسمبر کو منعقد ہونے
والے اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس کے دوران جی ایچ ایم سی کے اسٹینڈنگ کمیٹی اراکین کی جانب سے بجٹ کے مسودہ کو منظوری دی جائے گی اور منظورہ مسودہ کو مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عام اجلاس میں پیش کرتے ہوئے اسے منظوری فراہم کی جائے گی اور اس کے بعد اس بجٹ کو حکومت کی منظوری کے لئے روانہ کیا جائے گا۔عہدیدارو ںنے بتایا کہ 20 بلدیا ت اور 7کارپوریشن کے جی ایچ ایم سی میں انضمام کے بعدان بلدیات اور کارپوریشن کے ترقیاتی کاموں کو نظر میں رکھتے ہوئے بجٹ میں اضافہ کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور اس بجٹ کا اطلاق آئندہ مالی سال سے ہی ہوگا جبکہ جو کام ان بلدیات میں جاری ہیں انہیں انہیں بھی جی ایچ ایم سی کے ذریعہ ہی مکمل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔3