حیدرآباد :۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) حدود میں کوویڈ 19 سے متاثر اشخاص کو مدد فراہم کرنے کے سلسلہ میں ہر گورنمنٹ ہاسپٹل ، اربن ہیلت سنٹر اور بستی دواخانہ میں آوٹ پیشنٹ کال سنٹرس قائم کئے جائیں گے ۔ اس سلسلہ میں چیف سکریٹری سومیش کمار کی جانب سے جی ایچ ایم سی اور محکمہ صحت کے عہدیداروں کے ساتھ اتوار کو منعقدہ ایک اعلیٰ سطح ٹیلی کانفرنس جائزہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ۔ چیف سکریٹری نے زونل کمشنرس اور ڈپٹی کمشنرس کو ہدایت دی کہ علامت پائی جانے والے مریضوں کو گھر پر علاج کے لیے کٹ دی جائے ۔ عہدیدار جی ایچ ایم سی کے تمام سرکلس میں کوویڈ 19 کیر سنٹرس بھی شروع کریں گے ۔ سومیش کمار نے انہیں یہ بھی ہدایت دی کہ میونسپل اسٹاف ، اے این ایم اور کم از کم دو آشا ورکرس کے ساتھ ٹیمس تشکیل دی جائیں ۔ یہ ٹیمس ایک علاقہ میں ہر گھر پہنچ کر یہ معلوم کریں گی کہ آیا کوئی بخار اور دیگر علامات سے متاثر ہے ۔ یہ ٹیمس انہیں دوا کے ساتھ کٹس حوالہ کریں گی اور اس وبا سے متاثر ہونے کی علامات والے اشخاص کو اس دوا کو استعمال کرنے کا مشورہ دیں گے ۔ وہ مریضوں پر توجہ دیتے ہوئے ان کی صحت کی حالت پر بھی نظر رکھیں گے ۔ جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں کو تمام سرکاری دواخانوں ، اربن ہیلت سنٹرس اور بستی دواخانوں میں صاف صفائی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ۔ دواخانوں میں روشنی کا اچھا انتظام ہونا چاہئے اور آہک پاشی کی جانی چاہئے تاکہ صحت و صفائی رہے ۔۔