جی ایچ ایم سی حدود میں عصری بس شلٹرس کی تعمیر وعدوں تک محدود

   

Ferty9 Clinic

پرانے شہر کے مسافرین کو مشکلات، بلدیہ میں مالیہ کی کمی اصل وجہ

حیدرآباد۔22 اگسٹ(سیاست نیوز) شہر کی ترقی بالخصوص پرانے شہر میں عوام کو سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کے متعلق کئے جانے والے حکومت کے اعلانات محض اعلان ہی ہیں اور ان پر عمل آوری نہ کئے جانے پر حکومت سے کوئی سوال بھی نہیں کیاجاتا جس کے سبب حکومت اور سرکاری عہدیداروں کی من مانی کا سلسلہ جاری ہے۔جی ایچ ایم سی کی جانب سے شہر میں ماڈرن بس شیلٹر کی تعمیر کے اعلان کا کیا ہوا؟ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر حیدرآباد میں نئے ماڈرن بس شیلٹرس کی تعمیر کیلئے نہ صرف اعلان کیا گیا تھا بلکہ بلدیہ حیدرآباد نے اس سلسلہ میں ٹنڈر طلب کرتے ہوئے کاموں کا آغاز بھی کیاتھا اور بعض مقامات پر تعمیر کردہ عصری بس شیلٹرس کا افتتاح بھی انجام دیا تھا لیکن پرانے شہر کے علاوہ کئی مقامات پر اب بھی بس کے ذریعہسفر کرنے والوں کو بس شیلٹر کی کوئی سہولت حاصل نہیں ہے جس کے نتیجہ میں صورتحال ابتر ہوتی جا رہی ہے اور بس اسٹاپ پر بس کے منتظر مسافرین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے لیکن جی ایچ ایم سی کا کوئی عہدیدار اس سلسلہ میں کوئی تیقن دینے یا ان بس شیلٹرس کی تعمیرات کے متعلق تفصیلات فراہم کرنے سے قاصر ہے۔ شہر حیدرآباد میں بس مسافرین کو عصری سہولتوں کی فراہمی اور انہیں بس اسٹاپ پر عالمی معیار کی سہولتوں کی فراہمی کے اعلانات اور بعض مقامات پر بس شیلٹرس کے افتتاح سے عوام کو اس بات کا یقین ہونے لگا تھا کہ حکومت کے اس اعلان کو عملی جامہ پہنایا جائے گا لیکن اب اگر شہر کے بس شیلٹرس کا جائزہ لیا جائے تو یہ بات سامنے آئے گی کہ شہر میں کسی بھی مقام پر بس شیلٹرس کی تعمیر کا کام جاری نہیں ہے ۔ گذشتہ اسمبلی انتخابات سے قبل جی ایچ ایم سی حدود میں 826 نئے عصری بس شیلٹرس کے سلسلہ میں ٹنڈرس کی حوالگی کا عمل مکمل کئے جانے کے باوجود بس شیلٹرس کی عدم تعمیر سے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ ٹھیکہ حاصل کرنے والے ٹھیکہ داروں میں بھی شیلٹرس کی تعمیر کے سلسلہ میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ جی ایچ ایم سی حدود میں 826بس شیلٹرس کی تعمیر کے لئے جو اقدامات کئے جانے تھے وہ مکمل نہیں کئے گئے اس کے باوجود بھی حکومت یا بلدیہ کی جانب سے کسی کو جوابدہ قرار نہیں دیا گیا اور جو بس شیلٹر تعمیر کئے جاچکے ہیں ان کی حالت ابتر ہوچکی ہے اور جن مقامات پر بس شیلٹرس کی تعمیر ہی نہیں کی گئی وہ بھی جوں کے توں ہیں۔نئے بس شیلٹرس کی تعمیر کے سلسلہ میں کئے جانے والے استفسار پر عہدیداروں نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی کے پاس مالیہ نہ ہونے کے سبب بیشتر علاقوں میں شیلٹرس کی تعمیر کو روک دیا گیا ہے اور لاک ڈاؤن کے علاوہ دیگر وجوہات کے سبب بھی یہ کام وقت پر مکمل نہیں کئے جاسکے ہیں۔