ایس بی آئی سے حد مقرر ، محکمہ بلدی نظم و نسق سے بلدیہ کو احکام کی اجرائی
حیدرآباد۔20نومبر(سیاست نیوز) حکومت کی ضمانت کے بغیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد 2500 کروڑ روپئے کے میقاتی قرض حاصل کرے گی اور اس اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے جی ایچ ایم سی کو قرض کی فراہمی حد 2500 کروڑ روپئے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گذشتہ یوم حکومت کے محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے جی ایچ ایم سی کو قرض کے حصول کی اجازت کے سلسلہ میں احکامات کی اجرائی عمل میں لائی گئی تھی اور اس بات کی ہدایت دی گئی تھی کہ وہ بینکوں سے بغیر حکومت کی ضمانت کے 2500 کروڑتک کے قرض حاصل کرسکتی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے ان احکامات کی اجرائی اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی جانب سے جاری کردہ قرض کی حد کونظر میں رکھتے ہوئے کی گئی ہے اور کہا جا رہاہے کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے جلد ہی اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے توسط سے یہ قرض حاصل کرتے ہوئے بلدی حدود میں جاری سڑکوں کی توسیع اور ترقی کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کے لئے خرچ کیا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو قرض کے حصول کی اجاز ت کی فراہمی کے ساتھ ساتھ حاصل کئے جانے والے قرض کے خرچ کے سلسلہ میں بھی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ شہر حیدرآباد میں سڑکوں اور چوراہوں کی ترقی اور نئے فلائی اوور برج کی تعمیر کے سلسلہ میں درکار بجٹ کی ضرورت کو 2500 کروڑ کے قرض سے ہی پورا کیا جائے گا اس کے علاوہ قرض کے ذریعہ حاصل کی جانے والی رقم دیگر منصوبوں پر خرچ کرنے سے اجتناب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔