حیدرآباد ۔ 6فبروری ( سیاست نیوز) شہر میں مرکزی حکومت کے فراہمی روزگار قانون ۔2014 ( اسٹریٹ وینڈنگ پالیسی ) پر عمل آوری کی جارہی ہے اور بلدیہ حیدرآباد ہی ملکی سطح پر وہ واحد بلدیہ ہے جس نے شہر کے مختلف مقامات کا سروے کرتے ہوئے تجارتی زونس قائم کر کے مرحلہ اول میں 22ہزار چھوٹے تاجرین کو شناختی کارڈس جاری کئے ہیں اور سارے شہر میں اس قانون پر عمل آوری کیلئے مزید سروے جاری ہے ۔ بلدی افسروں کی تفصیلات کے مطابق شہر میں تقریباً 9ہزار کلومیٹر کی وسعت پر سڑکیں ہیں اور ان سڑکوں میں فٹ پاتھ والی سڑکیں برائے نام ہی ہیں اور جو فٹ پاتھ والی سڑکیں ہیںان پر چھوٹے تاجرین کے قبضے ہیں ۔ جبکہ بلدیہ نے مرکزی قانون کے تحت شہر میں فٹ پاتھ ، سڑکوں اور ٹھیلہ بنڈیوں پر تجارت کرنے والے 24,580 افراد کی شناخت کی ہے اور اس میں 22,324 تاجرین کو خصوصی شناختی کارڈس جاری کئے ہیں اور 204 اراکین کو مدرا اسکیم کے تحت 90لاکھ روپئے کے قرضفراہم کئے ہیں ۔ علاوہ ازیں 299 کامن انٹرسٹ گروپس تشکیل دے کر اس میں سے 4,741 اراکین پر مشتمل 23گروپ تشکیل دیتے ہوئے مالیہ سے متعلق انہیں خصوصی تربیت کے ساتھ ساتھ 19لاکھ روپئے بینکوں سے لونس بھی دلائے گئے ہیں اور شہر میں مرحلہ اول میں 135 تجارتی زونس کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں سے 24زونس پوری طرح سے تجارتی امتناعی زونس ، 74 زونس روزآنہ تجارتی زونس ہیں اور شہر میں جملہ 30وینڈنگ کمیٹیز کا قیام عمل میں آیا ہے اور تجارتی ممنوعہ زونس کو ریڈ زونس ، مسلسل تجارتی زونس کو گرین زونس اور وقتیہ تجارتی زونس کو ایمبر زونس کا نام دیا گیا ہے ۔