حیدرآباد ۔23۔ اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کے جسٹس ٹی ونود کمار نے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں آؤٹر رنگ روڈ تک توسیع سے متعلق حکومت کے احکامات کو چیلنج کرتے ہوئے دائر کی گئی درخواست کو سماعت کیلئے قبول کیا۔ توسیعی منصوبہ کے تحت حیدرآباد کے اطراف کی میونسپلٹیز ، گرام پنچایتوں اور کارپوریشنوں کو جی ایچ ایم سی کے حدود میں شامل کرنے کی تجویز ہے۔ درخواست گزاروں نے کہا کہ توسیعی منصوبہ سے علاقہ کے عوام متاثر ہوں گے۔ چار سابق سرپنچوں کی جانب سے یہ درخواست دائر کی گئی جن کا تعلق رنگا ریڈی ضلع کے مختلف منڈلوں سے ہے۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے کہا کہ حکومت کے احکامات غیر قانونی اور انصاف کے مغائر ہیں۔ جسٹس ونود کمار نے بلدی نظم و نسق ، منڈل پریشد ڈیولپمنٹ آفیسر جی ایچ ایم سی اور دوسروں کو نوٹس جاری کی ہے۔ 1