جی ایچ ایم سی میں مین ہولس کی صفائی کیلئے روبوٹ کا افتتاح

   

سپریم کورٹ کی ہدایت پر انسانی ہاتھوں سے گندگی کی صفائی کی لعنت کا خاتمہ
حیدرآباد۔/6 نومبر، ( پی ٹی آئی) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) نے مین ہولس کی صفائی کیلئے ’ بنڈی کوٹ ‘ سے موسوم روبوٹ حاصل کرلیا ہے۔ یہ ’ بنڈی کوٹ‘ جس کے اردو معنی بڑھا چوہا، گھوس یا چھچھوندری ہوتے ہیں‘ شہر میں بلدی عملے کیلئے نہ صرف ایک بڑی راحت ثابت ہوگا بلکہ اس کے آنے کے سبب اب انسانی ہاتھوں سے گندگی کی صفائی کا عمل بھی بالآخر ختم ہوجائے گا۔ جی ایچ ایم سی کے میئر بی رام موہن نے منگل کو گچی باؤلی کے علاقہ بائیو ڈائیورسٹی جنکشن پر مین ہول سے ریت، کچرا وغیرہ نکالنے والے مشین ’’ بنڈی کوٹ ‘‘ نامی روبوٹ کا افتتاح کیا۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے ملک کے تمام شہری مجالس مقامی کو ہدایات جاری کرتے ہوئے حکم دیا تھا کہ مین ہولس اور گندگی کی زیر زمین ٹانکیوں کی صفائی کے طریقوں میں ٹکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔ جی ایچ ایم سی کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ’’ رہیجا کارپ نے اپنی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری مساعی کے ایک حصہ کے طور پر ’ بنڈی کوٹ ‘ روبوٹ مشین کی 42 لاکھ روپئے میں خریدی کے پراجکٹ کیلئے رقم فراہم کیا تھا تاکہ انسانی ہاتھوں سے گندگی کی صفائی کے عمل سے گریز کیا جاسکے۔‘‘ جی ایچ ایم سی کے اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ دونوں شہروں میں ایک طویل عرصہ سے دیگر آلات کے ذریعہ موریوں کی صفائی عمل میں لائی جارہی تھی لیکن جدید روبوٹ سے مزید راحت ملے گی۔