جی ایچ ایم سی میں نامزد کارپوریٹرس کے انتخاب کا اعلان

   

30 مارچ تا 19 اپریل تک درخواستوں کی وصولی ، کمشنر بلدیہ سے اعلامیہ کی اجرائی
حیدرآباد۔ مئیر اور ڈپٹی مئیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخاب کے بعد اب جی ایچ ایم سی کی جانب سے تین نامزد کارپوریٹرس کے انتخاب کے لئے اعلامیہ جاری کردیاگیا ہے۔کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر لوکیش کمار کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ریاست تلنگانہ کے بلدی قوانین کے مطابق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد میں خصوصی تجربہ کے حامل کو آپشن ارکان کے انتخاب کے لئے جو تعداد ہے اس کے مطابق 3کو آپشن ارکان ہوں گے اور ان میں ایک کو آپشن رکن خاتون ہوں گی۔ اعلامیہ کے مطابق 30مارچ تا 19اپریل کے دوران 11تا3بجے دن جی ایچ ایم سی کے صدر دفتر واقع ٹینک بنڈ کی پہلی منزل پر درخواست داخل کی جاسکتی ہیں اور ان درخواستوں کی وصولی اور تنقیح کے بعد جنرل باڈی اجلاس کے دوران ندائی ووٹوں کے ذریعہ کو آپشن ارکان کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔ کو آپشن رکن کے عہدہ کے لئے درخواست داخل کرنے کے لئے وہ لوگ اہل ہوں گے جن کی عمر 21سال سے زائد ہو اور ان کے نام جی ایچ ایم سی حدود میں موجود فہرست رائے دہندگان میں شامل ہوں۔ علاوہ ازیں کو آپشن رکن کے لئے درخواست گذار کو خصوصی تجربہ حاصل ہونا بھی لازمی ہے جس میں 5سال کے لئے صدرنشین بلدیہ ‘ نائب صدرنشین ‘ مئیر کے عہدہ پر خدمات انجام دینا شامل ہو یا ریاستی و مرکزی حکومت میں گزیٹید عہدہ پر خدمات انجام دے چکے ہوں اور بلدی نظم و نسق میں تجربہ حاصل ہویا وارڈ کمیٹی یا ایریا سبھا کے رکن کی حیثیت سے کم از کم تین سال خدمات انجام دے چکے ہوں۔ اس کے علاوہ 7 سال سے کسی غیر سرکاری تنظیم سے وابستہ رہتے ہوئے سماجی خدمات انجام دے رہے ہوں وہ بھی درخواست داخل کرسکتے ہیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ 30مارچ تا 19اپریل کے دوران وصول ہونے والی ان درخواستوں کی تنقیح کا عمل 20اپریل سے شروع کیا جائے گا اور 29 اپریل تک تمام درخواستوں کی تنقیح کے بعد مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے منتخبہ ارکان بلدیہ کا خصوصی جنرل باڈی اجلاس طلب کیا جائے گا اور اس اجلاس کے دوران نامز ارکان بلدیہ کے لئے منتخبہ ارکان بلدیہ کی جانب سے ندائی ووٹ کے ذریعہ ہونے والی رائے دہی میں فیصلہ کیا جائے گا۔