مسودہ کو اسٹینڈنگ کمیٹی میں منظوری ، 15 دسمبر کو بلدیہ کا جنرل باڈی اجلاس
حیدرآباد۔21نومبر(سیاست نیوز) مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں جی ایچ ایم سی کے سال 2020-21 کے مسودہ بجٹ کو منظوری دے دی گئی ہے اور اس بجٹ کو جی ایچ ایم سی کے جنرل باڈی اجلا س میں 15ڈسمبر کو پیش کیا جائے گا۔جی ایچ ایم سی نے سال 2020-21کے دوران ترقیاتی منصوبوںکو انجام دینے کیلئے جملہ 5380 کروڑ کا تخمینہ لگایا ہے اور اس مسودہ کو اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں متفقہ منظوری دیدی گئی ۔بجٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی میں منظوری سے قبل اس کے نکات پر اراکین نے صدر اجلاس مئیر مسٹر بی رام موہن اور کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر ڈی ایس لوکیش کمار سے استفسار کئے جس پر انہیں جواب دیا گیا اور بتایا گیا کہ دیگر بڑے پراجکٹس کے لئے حکومت سے بجٹ حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔جی ایچ ایم سی کے بجٹ کو اسٹینڈنگ کمیٹی میں منظوری کے بعد 15ڈسمبر کو جنرل باڈی اجلاس میں پیش کرتے ہوئے اس پر مباحث منعقد کئے جائیں گے اور جنرل باڈی میں بجٹ کی منظوری کے بعد اسے ریاستی حکومت کو روانہ کیا جائے گا۔کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر ڈی ایس لوکیش کمار نے اجلاس کو بتایا کہ 10 جنوری سے قبل بجٹ کی مکمل تفصیلات حکومت کو روانہ کرتے ہوئے ایک مکمل شیڈول بھی تیار کیاجائے گا تاکہ جی ایچ ایم سی کی آمدنی اور اخراجات کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات سے ریاستی حکومت کو مکمل تفصیلات فراہم کی جاسکیں۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے سال گذشتہ کے بجٹ میں تخفیف کے سلسلہ میں بھی اسٹینڈنگ کمیٹی اراکین نے عہدیداروں اور مئیر سے استفسار کیا جس پر انہیں صورتحال کے متعلق واقف کرواتے ہوئے بجٹ 2020-21 میں کی جانے والی تخفیف کی وجوہات بھی بتائی گئیں۔