جی ایچ ایم سی کونسل میں کانگریس کی عددی طاقت بڑھ کر 25 ہوگئی

   

حیدرآباد ۔ 13 جولائی (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کونسل میں کانگریس کارپوریٹرس کی تعداد 3 سے بڑھکر 25 ہوگئی ہے جبکہ بی آر ایس کارپوریٹرس کی تعداد 56 سے گھٹ کر 41 ہوچکی ہے۔ گریٹر حیدرآباد اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کا مظاہرہ توقع سے کم رہا ہے۔ تاہم کانگریس حکومت قائم ہوجانے کے بعد دن بدن ایوانوں میں کانگریس کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ گریٹر حیدرآباد کی نمائندگی کرنے والے بی آر ایس ارکان اسمبلی کانگریس میں شامل ہورہے ہیں۔ ان کے ساتھ بی آر ایس کے کارپوریٹرس اور بی آر ایس قائدین کانگریس میں شامل ہورہے ہیں۔ لوک سبھا انتخابات کے بعد بی آر ایس کارپوریٹرس کی بھاری تعداد کانگریس میں شامل ہورہی ہے۔ اسمبلی حلقہ شیرلنگم پلی کے بی آر ایس رکن اسمبلی اے گاندھی آج چیف منسٹر سے ملاقات کرکے کانگریس میں شامل ہوگئے۔ ان کے ساتھ شیرلنگم پلی کارپوریٹر ناگیندر یادو، میاں پور کارپوریٹر یو سریکانت ، چندرا گر کارپوریٹر منجولا رگھوناتھ ریڈی، حیدر نگر کارپوریٹر این سرینواس بھی کانگریس میں شامل ہوگئے ۔150 رکنی کونسل میں مختلف سیاسی جماعتوں کی عددی طاقت اس طرح ہے۔ مجلس 45، بی آر ایس 41، بی جے پی 39 اور کانگریس 25 ہے۔2