حیدرآباد ، سائبر آباد اور ملکاجگری کارپوریشنوں کی تجویز، اسمبلی میں رپورٹ پیش کئے جانے کا امکان
حیدرآباد یکم جنوری (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں اطراف کی 27 میونسپلٹیز اور کارپوریشنوں کے انضمام کے بعد کارپوریشن کی غیر معمولی توسیع پر سیاسی حلقوں میں مباحث جاری ہیں ۔ انضمام سے جی ایچ ایم سی حدود 2053 مربع کیلو میٹر تک وسیع ہوچکے ہیں۔ حکومت سے کارپوریشن کی برقراری یا پھر اس کی تقسیم کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی گئی اور فروری میں کارپوریشن کی میعاد مکمل ہوگی۔ ذرائع کے مطابق حکومت اسمبلی سیشن میں جی ایچ ایم سی پر اپنا موقف واضح کرے گی۔ بتایا گیا کہ حکومت نے جی ایچ ایم سی کو تین حصوں میں منقسم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ، سائبر آباد میونسپل کارپوریشن اور ملکاجگری میونسپل کارپوریشن کے طور پر تقسیم کرکے بلدی وارڈس کو الاٹ کیا جائیگا ۔ جی ایچ ایم سی کے موجودہ 150 وارڈس برقرار رکھے جائیں گے جبکہ باقی 150 بلدی وارڈس سائبر آباد اور ملکاجگری میونسپل کارپوریشن میں تقسیم کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق تین بلدیات میں تقسیم کی رپورٹ حکومت کو پیش کردی گئی ہے۔ توقع ہے کہ رپورٹ اسمبلی میں پیش کی جائے گی اور حکومت تین نئے کارپوریشنوں کے قیام کا اعلان کریگی۔ جی ایچ ایم سی حدود 650 میربع کیلو میٹر تھے جو 27 بلدیات کے انضمام کے بعد 2053 مربع کیلو میٹر ہوچکے ہیں۔ واضح رہے کہ 300 وارڈس پر مشتمل کارپوریشنوں کی اپوزیشن سے مخالفت کی جارہی ہے ۔ جی ایچ ایم سی کے تحت حیدرآباد کے تمام اہم علاقوں کو شامل کیا جائے گا اور وارڈس کی تعداد 150 برقرار رہے گی۔ سائبر آباد میونسپل کارپوریشنوں کے تحت 76 بلدی وارڈس کا امکان ہے جبکہ ملکاجگری میونسپل کارپوریشنوں کے حدود میں باقی بلدی وارڈس کو شامل کیا جائیگا۔ عہدیداروں کے مطابق بہتر حکمرانی کیلئے تین کارپوریشنوں کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا ۔ حکام کے مطابق جی ایچ ایم سی حدود میں قدیم و نئے شہر کے علاقے شامل ہونگے اور جی ایچ ایم سی کے حدود سکندرآباد ، رام گوپال پیٹ تا شمس آباد رہیں گے۔ کارپوریشن کے تحت تارناکہ ، مشیر آباد ، جوبلی ہلز ، بنجارہ ہلز ، خیریت آباد ، جیا گوڑہ ، عطا پور ، راجندر نگر ، جل پلی ، آدی بٹلہ اور شمس آباد جیسے علاقوں کو شامل کیا گیا ہے۔ 6 زونس اور 150 بلدی ڈیویژنس پر مشتمل جی ایچ ایم سی رہے گا۔ سائبر آباد میونسپل کارپوریشن میں آئی ٹی راہداری کو شامل کیا گیا اور اس کے حدود نارسنگی ، جنوم ویلی شاہ میر پیٹ تک رہینگے۔ ملکاجگری کارپوریشن کے حدود کیسرا اور پدا عنبر پیٹ رہیں گے اور 74 بلدی ڈیویژنس کو مختص کیا جائیگا۔ 1
