تینوں کمشنریٹس کو 12 زونس میںتقسیم کرنے کی تجویز : ڈی جی پی شیودھر ریڈی
ایس ایم بلال
حیدرآباد۔ 28 ڈسمبر (سیاست نیوز) جی ایچ ایم سی کی دوبارہ تنظیم نو کے پیش نظر محکمہ پولیس میں بھی کلیدی تبدیلیاں کی جارہی ہیں جس کے تحت حیدرآباد، سائبرآباد اور رچہ کنڈہ کو 12 زونس میں تقسیم کیا جارہا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پولیس تلنگانہ بی شیودھر ریڈی کی زیرنگرانی اسٹیٹ پولیس ہیڈکوارٹرس میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں حالیہ دنوں جی ایچ ایم سی کو مختلف زونس قائم کئے گئے ہیں اور محکمہ پولیس میں بھی ان تبدیلیوں کے پیش نظر حد بندی کا لحاظ رکھا جارہا ہے اور 12 زونس میں تینوں کمشنریٹ کو تقسیم کرنے کی تجویز کو قطعیت دی گئی ہے۔ حیدرآباد کمشنریٹ میں شمس آباد اور راجندر نگر زونس کو بھی شامل کئے جانے کا امکان ہے اور اس کے تحت راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد بھی حیدرآباد کمشنریٹ کے دائرہ اختیار میں ہوگا۔ حیدرآباد کے زونس میں چارمینار زون، گولکنڈہ زون، خیریت آباد زون ، راجندر نگر زون اور شمس آباد زون شامل ہیں۔ سائبرآباد کمشنریٹ میں بھی بڑی تبدیلیاں کی جارہی ہیں جس کے تحت شیرلنگم پلی زون قائم کیا جارہا ہے۔ شیرلنگم پلی زون میں معین آباد سے پٹن چیرو تک کا علاقہ شامل رہے گا۔ مادھاپور کو کوکٹ پلی زون میں ضم کردیا جائے گا جبکہ قطب اللہ پور زون کو علیحدہ قائم کیا جارہا ہے۔ اس تجویز کے تحت رچہ کنڈہ کمشنریٹ میں ایل بی نگر زون، ملکاجگری زون اور اُپل زون قائم کئے جارہے ہیں۔ ضلع یادادری کو ضلع ایس پی مقرر کیا جارہا ہے جبکہ مہیشورم زون، شادنگر اور چیوڑلہ کو فیوچر سٹی پولیس کمشنریٹ قائم کرتے ہوئے ان زونس کو اس میں شامل کیا جائے گا۔
