جی ایچ ایم سی کی تقسیم کیلئے جلد ہی حکومت کی سطح پر مشاورت کی تیاری

   

اپوزیشن کی جانب سے تقسیم کی مخالفت، ترقیاتی فنڈس کے حصول میں دشواریوں کا اندیشہ
حیدرآباد۔ 4 جنوری (سیاست نیوز) وزیر آئی ٹی ڈی سریدھر بابو نے وضاحت کی کہ جی ایچ ایم سی کی تقسیم پر حکومت نے تاحال قطعی فیصلہ نہیں کیا۔ کسی بھی فیصلے سے قبل جی ایچ ایم سی حدود کے تمام اسٹیک ہولڈرس سے مشاورت کی جائے گی۔ حکومت نے جی ایچ ایم سی کے اطراف کی 20 میونسپلٹیز اور 7 کارپوریشنوں کو ضم کرنے کا مرحلہ مکمل کرلیا ہے جس کے تحت بلدی وارڈس کی تعداد بڑھ کر 300 ہوچکی ہے۔ انضمام سے متعلق جی ایچ ایم سی ترمیمی قانون کو اسمبلی میں منظوری دی گئی۔ مباحث کے دوران اہم اپوزیشن پارٹیوں نے انضمام اور کارپوریشن کو 3 حصوں میں تقسیم کرنے کی مخالفت کی۔ وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سریدھر بابو کے مطابق کہ تلنگانہ کور اربن ریجن کی جامع ترقی کے لئے حکومت جلد ہی کوئی فیصلہ کرے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ ماہرین سے مشاورت کے ذریعہ حکومت نے جی ایچ ایم سی کو 3 یا 5 کارپوریشنوں میں تقسیم کرنے کا جائزہ لیا ہے۔ تاہم اس بارے میں قطعی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ حکومت نے 300 بلدی وارڈس، 60 بلدی سرکلس اور 12 زونس کو آبادی کی بنیاد پر تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ماہرین سے وسیع تر مشاورت کے بعد 3 کارپوریشنوں میں تقسیم کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت منصوبہ پر اہم سیاسی پارٹیوں سے مشاورت کرے گی۔ 3 کارپوریشنوں میں تقسیم کی صورت میں موجودہ قدیم کارپوریشن کو ترقیاتی فنڈس اور دیگر وسائل کو اکٹھا کرنے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ بتایا گیا کہ علیحدہ کارپوریشنوں کے قیام پر عوام پر اضافی بوجھ عائد ہوگا۔ جی ایچ ایم سی کے کمنشر آر وی کرنن نے توسیع شدہ کارپوریشن میں عہدیداروں کو نئی ذمہ داریاں تفویض کی ہیں۔ بتایا گیا کہ حکومت کی سطح پر جلد جائزہ اجلاس منعقد ہوگا جس میں کارپوریشن کی تقسیم کا فیصلہ ہوگا۔ 1
حیدرآباد میں سنکرانتی کے موقع پر ڈرون فیسٹیول
حیدرآباد 4 جنوری( یو این آئی ) محکمہ سیاحت نے سنکرانتی تہوار کو یادگار بنانے پریڈ گراؤنڈ میں ڈرون فیسٹیول منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق یہ میلہ 13 اور 14 جنوری کو ہوگا جس میں ملک بھر سے ماہر ڈرون پائلٹس شرکت کریں گے ۔ اس کا سب سے بڑا مرکز ڈرون شو ہوگا جہاں سینکڑوں ڈرونس مختلف رنگین شکلیں اور نمونے بنا کر حاضرین کو مسحور کریں گے ۔محکمہ سیاحت نے اس موقع پر دیگر روایتی پروگراموں کا بھی منصوبہ تیار کیا ہے ۔