سوئمنگ پولس کے مرمتی کام، اسپورٹس ایکوپمنٹ کی خریدی
حیدرآباد 16 اپریل (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کی جانب سے شہر میں 25 اپریل تا 31 مئی سمر کوچنگ کیمپس منعقد کئے جائیں گے۔ اس کے پیش نظر کارپوریشن کے عہدیدار سوئمنگ پولس، گراؤنڈس، ان ڈور اور آؤٹ ڈور اسٹیڈیمس کو بحال کرنے کے اقدامات کررہے ہیں جو گزشتہ دو سال سے استعمال میں نہیں تھے۔ اسپورٹس کامپلکس اور سوئمنگ پولس کے مرمتی کام اور نقصان پہنچے ایکوپمنٹ کو تبدیل کیا جارہا ہے۔ گزشتہ دو ہفتوں سے جی ایچ ایم سی کے عہدیدار کارپوریشن کے حدود میں تمام سوئمنگ پولس کے مرمتی کام انجام دینے پر مسلسل توجہ دے رہے ہیں پھر بھی زیادہ تر پولس ابھی تیار نہیں ہیں۔ یہ سمر کیمپس اس ماہ کے پہلے ہفتہ میں شروع ہونے والے تھے لیکن مرمتی کام کے مکمل نہ ہونے کی وجہ انھیں 25 اپریل کے لئے ملتوی کیا گیا۔ جی ایچ ایم سی حدود میں سات سے زائد سوئمنگ پولس ہیں۔ انھیں ہر سال سمر کوچنگ کیمپس میں دستیاب بنایا جاتا ہے۔ کوویڈ وباء کے باعث دو سال یہ کیمپس منعقد نہیں ہوئے اور اس سے عہدیداروں نے سوئمنگ پولس کے مینٹیننس کو نظرانداز کردیا۔ جس کی وجہ موٹرس اور پائپس کو نقصان پہنچا اور انھیں بدلنے کی ضرورت ہے۔ جی ایچ ایم سی اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کے ایک عہدیدار نے کہاکہ گزشتہ دو ہفتوں سے سوئمنگ پولس کے مرمتی کام نجام دیئے جارہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ’’سمر کوچنگ کیمپس میں فراہم کئے جانے والے ایکوپمنٹ کے لئے 2 کروڑ روپئے کی رقم منظور کی گئی ہے‘‘۔ اسپورٹس ایکوپمنٹ کی سپلائی کے لئے ٹنڈر کا اعلان کیا گیا۔ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے ایک عہدیدار نے کہاکہ ایجنسی کا انتخاب کیا گیا ہے اور 2 کروڑ روپئے مالیتی اسپورٹس ایکوپمنٹ کی خریدی کی جارہی ہے۔ 6 تا 16 سال عمر گروپ کے بچوں کے لئے یہ سمر کیمپس مختلف اسپورٹس ڈسپلینس میں 37 دن منعقد ہوں گے۔